ممبئی کا آج نارتھ ایسٹ یونائٹیڈ سے مقابلہ

ممبئی۔23اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) پونے سٹی فٹبال کلب کو گذشتہ مقابلہ میں 5-0کی شکست سے دوچار کرنے کے بعد ممبئی سٹی فٹبال کلب کے حوصلے کافی بلند ہے اور وہ کل یہاں ہیرو انڈیا سوپر لیگ ٹورنمنٹ کے آئندہ مقابلے میں نارتھ ایسٹ یونائٹیڈ فٹبال کلب کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہے ۔میزبان ممبئی کو ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں ایٹلیٹیکوڈی کولکتہ کے خلاف 3-0کی مایوس کن شکست ہوئی تھی ۔ گذشتہ مقابلہ میں شاندار کامیابی کے بعد فاتح ٹیم کے کوچ پیٹر ریڈ نے کہا کہ گذشتہ مقابلہ میں ٹیم نے جس طرح کا مظاہرہ کیا ہے وہ کافی شاندار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ مقابلہ میں ہم نے پانچ گول اسکور کئے ہیں اور کھلاڑیوں کا یہ مظاہرہ کافی شاندار رہا۔گذشتہ مقابلہ میں برازیلی کھلاڑی اینڈری موریٹس نے ہیٹرک اسکور کی تھی جن کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑی سبھاش سنگھ نے ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کیا تھا ۔ ممبئی ٹیم کے کپتان سید رحیم نبی جو کہ ابتدائی مقابلے میں اپنا پیر زخمی کر بیٹھے تھے جس کی وجہ سے وہ گھریلو میدان پر کھیلے جانے والے ابتدائی مقابلے میں شرکت نہیں کرپائے تھے لیکن کل وہ گھریلو میدان پر اپنا پہلا مقابلہ کھیلیں گے ۔ رحیم کے متعلق کوچ نے کہا کہ کپتان فٹ ہوچکے ہیں اور وہ کل کے مقابلے کیلئے دستیاب رہیں گے ۔