ممبئی 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلرس نے آج روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی انڈینس ٹیم کے خلاف مشہور میدان وانکھڑے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کی اپنی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف 39 رنز کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا حالانکہ ممبئی انڈینس نے کامیابی کیلئے مطلوبہ 236 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 196/7 رنز بنائے ۔ ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور چوتھے اوور میں کریس گیل (13)آوٹ ہوگئے جس کے بعد ڈی ویلرس اور کوہلی نے دوسری وکٹ کیلئے 215 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ۔ مقابلے میں ڈی ویلرس کا مظاہرہ نمایاں رہا جیسا کہ انہوں نے 47 گیندوں میں پہلے سنچری مکمل کی جس کے بعد 59 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 133رنز اسکور کئے ۔ دوسرے ناٹ آوٹ کوہلی رہے جنہوںنے 50 گیندوں میں82 رنز اسکور کئے جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔ جوابی اننگز میں سیمنس (68)کی ناٹ آوٹ نصف سنچری اور پولارڈ کے 49 رنز نمایاں رہے ۔ ڈی ویلرس نے اس سے قبل 2010 میں اپنے آئی پی ایل کیرئیر کا دہلی ڈیر ڈیولس کیلئے آغاز کرتے ہوئے چینائی سوپر کنگس کے خلاف پہلی سنچری اسکور کی تھی ۔