ممبئی میں فرقہ وارانہ کشیدگی ،اسمبلی میں مسئلہ اٹھایاگیا

ایم آئی ایم کا مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر احتجاج ،انکوائری کرانے اسپیکر کی یقین دہانی

ممبئی23مارچ(سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے پولیس کمشنر دتا پڈسالگیکر نے آج شمال مشرقی علاقے کے ٹرامبے پولیس اسٹیشن کے تھانیدار انا صاحب سونور کا گزشتہ ہفتے علاقے میں پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد پر قابو نہ پانے اور لاپرواہی برتنے کے الزام میں تبادلہ کردیاہے ۔ آج ریاستی اسمبلی میں مجلس اتحاد المسلین (ایم آئی ایم ) کے ممبر اسمبلی ایڈوکیٹ وارث پٹھا ن نے اس معاملہ کو پوائنٹ آف انفارمیشن کے تحت ایوان میں اٹھایا اور مسلم نوجوانوں کی بے جاگرفتاریوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی سختی سے تحقیقات کرائی جائیں ، جس کی رضامندی اسپیکر ہری بھاؤ بگاڑنے دے دی ہے۔ وارث پٹھان نے کہاکہ بے قصورنوجوانوں کو پکڑا جارہا ہے اور ان میں سے متعدد نوجوان دسویں اور بارہویں جماعتوں کے بورڈ امتحانات میں شریک ہیں اور انہیں رہا نہیں کیا گیا توتعلیمی سال برباد ہوجائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کو سوشل میڈیا پر خانہ کعبہ کی ایک توہین آمیز پوسٹ کے بعد پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ نہیں کیا اور پولیس اسٹیشن کے باہر قصوروار کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انکے خلاف کارروائی کی گئی ۔پہلی بار ربر کی گولی استعمال کی گئی۔ پولیس نے الزام لگایاہے کہ مشتعل افراد نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور پولیس کی ویان نذرآتش کردی۔اس سے قبل مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیرمین عامر نے بھی پولیس کو ہدایت دی کہ بیجا گرفتاریا ں نہ کی جائیں ۔