ممبئی میں شیوسینا ۔ بی جے پی مفاہمت پر تجسس

بال ٹھاکرے کی یوم پیدائش کے موقع پر انتخابی منشور جاری
ممبئی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت پر غیریقینی صورتحال کے دوران شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے آج بی ایم سی الیکشن کیلئے پارٹی کا منشور جاری کردیا جبکہ انہوں نے یہ بھی ادعا کیا کہ حلیف جماعت کے ساتھ نشستوں پر مفاہمت کیلئے مذاکرات بھی جاری ہیں۔ میڈیا کانفرنس میں پارٹی کے ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کے ساتھ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ پارٹی نے اپنی مرضی اور اختیار سے یہ انتخابی منشور جاری کیا ہے کیونکہ آج شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی یوم پیدائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 جنوری شیوسینا کیلئے انتہائی اہم دن ہے اور اس دن ہم شہر ممبئی کی خدمت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، لہذا ہم نے آج کے دن منشور جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ شیوسینا سربراہ نے کہا کہ بیرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اگر بی جے پی کے ساتھ مفاہمت طئے ہوجاتی ہے تو حلیف جماعت کی بہترین تجاویز کو ہمارے منشور میں شامل کیا جائے گا، تاہم انہوں نے نشستوں کی تقسیم پر جاریہ مذاکرات کی تفصیلات کے انکشاف سے انکار کردیا اور بتایا کہ بات چیت اختتام پذیر ہوتے ہی وہ خود فیصلہ کا اعلان کریں گے۔