ممبئی میں ایم این ایس کے انتخابی منشور کی اجرائی

ممبئی 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا نو نرمان سینا (ایم این ایس) سربراہ راج ٹھاکرے نے 15 اکٹوبر کو منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کیلئے ریاست کی ترقی کے لئے پارٹی کا ’’بلیو پرنٹ‘‘ جاری کیا ہے جو دراصل انتخابات کے لئے مہم کا عملاً آغاز ہے۔ پارٹی کا بلیو پرنٹ ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا جب ریاست میں سیاسی اتھل پتھل مچی ہوئی ہے جہاں بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان 25 سالہ قدیم اتحاد بکھر چکا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کانگریس اوراین سی اے کے 15 سالہ اتحاد کا بھی خاتمہ ہوچکا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایم این ایس نے اپنے انتخابی نعرہ کی رسم اجرائی بھی انجام دی ہے جو اس طرح ہے۔ ’’یس، اِٹس پاسیبل‘‘ ، جو اِس جانب اشارہ ہے کہ پارٹی اب متنازعہ سیاست میں ملوث نہ رہتے ہوئے اپنی شبیہہ بدلنا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیں ایم این ایس نے ایک پوسٹر کی اجرائی بھی کی ہے جو دراصل مراٹھی زبان میں جاری کیا گیا ہے جس کا مفہوم اس طرح ہے کہ ’’ہمیں ایک ایسا مہاراشٹرا تخلیق کرنے کی ضرورت ہے جس پر دنیا رشک کرے۔ یس اِٹس پاسیبل‘‘ جو دراصل امریکی صدر بارک اوباما کے اُس نعرے سے مماثلت رکھتا ہے جو اُنھوں نے کہا تھا ’’یس وی کین‘‘

اور یہ اُس وقت کی بات ہے جب 2009 ء میں وہ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے انتخابی مہم چلارہے تھے۔ اس موقع پر راج ٹھاکرے نے کہاکہ بلیو پرنٹ کی اجرائی کے ذریعہ کوئی سیاست نہیں کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد کے خاتمہ پر تبصرہ کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ آج کا دن اس موضوع پر بات چیت کرنے کے لئے نہیں ہے۔ اُنھوں نے حیرت انگیز طور پر مہاراشٹرا کیلئے خود مختار ریاست کے موقف کا مطالبہ کیا اور کہاکہ اس طرح علاقائی طور پر پالیسیاں وضع کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو مزید تیز رفتار کیا جاسکتا ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ مہاراشٹرا کو ایک آزاد ریاست تسلیم کیا جائے بلکہ خود مختار مہاراشٹرا کا مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ دہلی میں بیٹھے ہوئے ارباب اقتدار اس بات سے بے خبر ہیں کہ ہماری مشکلات کیا ہیں، ہمارے مسائل کیا ہیں۔ ممبئی کے علاقہ ماٹونگا میں واقع وسیع و عریض شان مکھانند ہال میں ایک تقریب کے دوران راج ٹھاکرے نے پارٹی کے بلیو پرنٹ کو جاری کیا۔ راج ٹھاکرے کسانوں، خواتین، پولیس اور نوجوان طبقہ کو اپنی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں۔ بلیو پرنٹ میں کسانوں کے قرضوں کو مکمل طور پر معاف کردیئے جانے، بہترین پبلک ٹرانسپورٹ نظام، ٹرافک نظام، گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے جگہ کی قلت کے مسئلہ کے حل کیلئے زائد پارکنگ لاٹس کی تعمیر اور واٹر ٹرانسپورٹ سہولیات کا وعدہ کیا گیا ہے۔