ممبئی۔23 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کپتان روہت شرما کی ریکارڈ سنچری سے سیریز اپنے نام کرچکی ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف اتوار کو یہاں وانکھڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی20 میچ میں بھی جیت حاصل کرکے سال کا اختتام3-0 کے ساتھ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندستان نے سیریز کا پہلا میچ 93 اوردوسرا میچ88 رنز سے جیت کر سیریز میں 0-2 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندستانی ٹیم کے لئے سا ل2017 بہت کامیاب رہا۔ اس سال ٹیم نے14 ریکارڈ سیریز پر فتح پائی ہے اور دوسرے تیسرے میچ میں روہت کی ٹیم کا مقصد سال کا اختتام0-3 سے کرنا ہوگا۔ دوسری طرف سری لنکا کی ٹیم کی بھی کوشش ہوگی کہ مسلسل شکست جھیلنے اور ہندستانی ٹیم سے بری طرح شکست کھانے کے بعد کم سے کم وہ آخری میچ میں جیت حاصل کرے اور اپنا کچھ وقار بچاکر وطن لوٹے ۔ اندور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں روہت اور لوکیش راہول نے سری لنکا کے خلاف اپنے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ روہت نے محض 43 گیندوں میں 12 چوکے اور 10 چھکے لگاتے ہوئے118 رن بنائے جبکہ راہول نے89 رنز بنائے ۔ ہندوستان کے پانچ وکٹ پر 260 رن کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 17.2 اوور میں 172 رن ہی بناسکی۔ سری لنکا کے لئے اینجیلو میتھیو ز زخمی ہونیکی وجہ سے بیٹنگ نہیں کرپائے ۔ میتھیوز اس دورے میں سری لنکا کے سب سے کامیاب بیٹسمینس رہے ۔سری لنکا کے بیٹسمینوں کے لئے ہندستان کے دونوں اسپنروں کا کھیلنا بہت مشکل ثابت ہورہا ہے ۔ دوسرے میچ میں لیگ اسپنر چہل نے چار اور کلدیپ یادو نے تین وکٹ لے کر سری لنکا کی کمر توڑ دی سیریز میں 0-2 کی سبقت بنانے کے بعد ہندستان تیسرے میچ میں کچھ تبدیلی بھی کرسکتا ہے اور جن کھلاڑیوں کو اب تک موقع نہیں ملا ہے انہیں موقع دے سکتا ہے ۔ فاسٹ بولر باسل تھمپی اور محمد سراج اور آف اسپنر آل راؤنڈر دیپک ہڈا کو آزمایا جاسکتاہے۔ باسل اور ہڈا کوابھی اپنا بین الاقوامی کیرئر شروع کرنا ہے جبکہ سراج سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیل چکے ہیں۔ جسپریت بمراہ یا ہاردک پانڈیا اور چہل یا کلدیپ میں سے کسی کو آرام دیا جاسکتا ہے ۔ وراٹ کوہلی کو آرام دیئے جانے کے بعد روہت شرما نے کپتانی کے فرائض بخوبی انجام دیئے ۔ روہت نے دھرمشالہ میں پہلے ونڈے میں ناکام ہونے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے لگاتار چار میچوں اور دو سیریز جیت لی ہیں ۔ روہت کی پوری کوشش رہے گی کہ سال کا اختتام جیت کے ساتھ کریں تاکہ ٹیم نئے سال میں جنوبی افریقہ دورے کی شروعات بھی جیت کے ساتھ کرسکے ۔