ممبئی ماڈل کی عصمت ریزی ‘ ایک ملزم کی خودسپردگی

حیدرآباد ۔ 12 ؍ جنوری ( سیاست نیوز) ممبئی کی ماڈل رکھشیتا کی اجتماعی عصمت ریزی کیس میں ملوث کلیدی ملزم ہری کرشنا نے آج پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی ۔ سال نو کے جشن کے بہانے ممبئی کی ماڈل کو حیدرآباد کے شمش آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ طلب کیا گیا تھا اور یہاں پر چار ملزمین نے اسے کولڈرنگ میں نشیلی دوا دے کر بیہوش کر دیا اور بعدازاں اجتماعی عصمت ریزی کی تھی ۔ ماڈل کی شکایت پر مہاراشٹرا کے ورسووا پولیس اسٹیشن میں نربھے ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن حیدرآباد کی سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے پی وینکٹ راجو ہیپی عرف نیتن یادو اور اجئے شرما عرف علی کو گرفتار کیا تھا جبکہ ہرشی کرشنا ہنوز مفرور تھا ۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات میں شدت پیدا کرنے کے باعث ہری کرشنا نے آج بوئن پلی پولیس میں خودسپردگی اختیار کرلی اور بعدازاں اسے سی سی ایس پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔ پولیس کو مزید ایک ملزم کی تلاش ہے ۔