ممبئی حملے: مستعملہ کشتی کے معائنہ کی اجازت

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت عالیہ نے اس کشتی کے معائنہ کی اجازت دی ہے جس کے ذریعہ 2008ء میں ممبئی حملوں کیلئے پاکستان سے لشکرطیبہ کے 10 دہشت گرد ممبئی میں داخل ہوئے تھے، اس طرح قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت کے فیصلہ کو یہ کہہ کر کالعدم قرار دیا گیا کہ وہ فیصلہ ایک غلطی تھی۔ ممبئی حملوں کے پراسیکیوشن چیف چودھری اظہر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ (انسداد دہشت گردی) کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیا ہے جس نے لشکرطیبہ کے ذریعہ استعمال کی گئی کشتی کے معائنہ کیلئے کمیشن کو کراچی بھیجنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کو ’’غلطیوں سے پُر‘‘ قراردیا جو قانون سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس طرح کراچی میں دہشت گردوں کے ذریعہ استعمال کی گئی کشتی کے معائنہ کی اجازت دیدی۔