ممبئی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 ناکامیوں کے بعد دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کی ٹورنمنٹ ہندوستان منتقل ہونے کے بعد قسمت بدلی ہے اور یکے بعد دیگرے دو فتوحات کے ذریعہ ٹیم نے اپنی مہم کو صحیح سمت گامزن کرلیا ہے لیکن کل یہاں تاریخی میدان وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلہ میں اس کا سامنا دو مرتبہ کی چمپیئن چینائی سوپرکنگس سے ہوگا۔ امید کی جارہی ہیکہ دو کٹر حریف تصور کی جانے والی ان ٹیموں کے درمیان پرہجوم میدان میں ایک سخت مقابلہ کھیلا جائے گا جیسا کہ چینائی نے 8 مقابلوں میں 6 فتوحات حاصل کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ ممبئی نے بھی ٹیموں میں سرفہرست پنجاب کے خلاف 3 مئی کو پہلی کامیابی حاصل کرنے کے بعد رائل چیلنجر بنگلور کے خلاف 6 مئی کو بھی ایک بہترین کامیابی حاصل کی ہے۔
مقامی میدان ممبئی کیلئے ایک مضبوط قلعہ ثابت ہورہا ہے جسے یہاں شکست دینا آسان نہیں۔ ممبئی انڈین کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آخری مرتبہ شکست 2012ء میں ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ مسلسل یہاں ناقابل تسخیر ہے۔ ٹیم کے کپتان روہت شرما اور جارحانہ بیٹسمین کیرن پولارڈ نے بنگلور کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں انفرادی طور پر بالترتیب 59 اور 43 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ٹیم کے مجموعی اسکور 187 میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ ممبئی انڈینس کے کھلاڑی کامیابی کے اس سلسلہ میں کل چینائی کے خلاف بھی برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں کیونکہ یہاں کی وکٹ بیٹنگ کیلئے کافی سازگار ہوتی ہے۔ ممبئی کیلئے امباٹی رائیڈو اور کورے اینڈرسن نے بہتر آغاز تو کیا ہے لیکن بڑی اننگز کھیلنے میں ہنوز ناکام ہیں۔
عبدالرحیم بن انور پہلوان
قومی ریسلنگ کیلئے منتخب
حیدرآباد ۔ 9 مئی (راست) باعوام اکھاڑہ کے عبدالرحیم بن انور پہلوان قومی ریسلنگ چمپیئن شپ کیلئے منتخب ہوئے۔ حیدرآباد و انٹر اسٹیٹ مقابلوں میں انہوں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے قومی مقابلوں کیلئے رسائی حاصل کی ہے۔ انتخاب پر باعوام اکھاڑہ میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں معاون بانی و استاد اکھاڑہ اقبال بن سعید باعوام پہلوان کے علاوہ محمد عبدالمتین، حمودی جنڈاوں، ولایت بغدادی نے تہنیت پیش کی۔