ممبئی اور راجستھان کے درمیان آج ناک آؤٹ مقابلہ

ممبئی۔24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پلے آف میں رسائی کی ہنوز امیدوں کے ساتھ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کا کل یہاں مقابلہ سابق چمپئن راجستھان رائلز سے ہوگا اوراس مقابلے کو ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ناک آؤٹ کی حیثیت حاصل ہوچکی ہے کیونکہ اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم رواں آئی پی ایل ٹورنمنٹ کے آئندہ مرحلے پلے آف میں رسائی حاصل کرے گی۔ ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز میں شین واٹسن کی ٹیم کوکسی قدر سبقت حاصل ہے چونکہ اس کے نشانات کی تعداد 14 ہے اور وہ ممبئی انڈینس کو شکست دے کر بہ آسانی سرفہرست 4ٹیموں میں جگہ بناکر پلے آف میں رسائی حاصل کرسکتی ہے ۔راجستھان رائلز جسے گذشتہ رات ٹیموں کے جدول میں نمبر ایک مقام پر موجود کنگس الیون پنجاب کے خلاف موہالی میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے

تاہم اس کا رن ریٹ +.247 ہے جو کہ دیگر ٹیموں سے بہتر ہی ہے ۔ دوسری جانب ممبئی کی جھولی میں 12نشانات ہیں جس نے کنگس الیون پنجاب کو 21مئی اور پھر گذشتہ رات دہلی ڈیر ڈیویلس کو شکست دی ہے تاہم اس کا رن ریٹ _.086 ہے اور اس کیلئے کافی ‘ وہ بھی واضح فرق سے حاصل کرنی ہوگی ۔ ممبئی انڈینس نے آئی پی ایل کے ہندوستان منتقل ہونے کے بعد چند بہتر مظاہرے کئے ہیں کیونکہ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ مقابلوں میں روہت شرما اور ان کے کھلاڑیوں کو متواتر 5ناکامیاں برداشت کرنی پڑی تھیں ۔ ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز کے درمیان جب آخری مرتبہ 19مئی کو احمدآباد میں مقابلہ منعقد ہوا تھا تب اس مقابلے میں ممبئی نے 25رنز کی کامیابی حاصل کی تھی ۔

ممبئی انڈینس کو آخری اوورس میں شاندار بولنگ کرنے والے سری لنکائی بولر لستھ ملنگا کی خدمات حاصل نہیں ہے تاہم بیٹنگ میں آسٹریلیائی سابق بیٹسمین مائیکل ہیسی کا گذشتہ مقابلے میں نصف سنچری بناکر فام میں واپس آنا بھی روہت شرما کی ٹیم کیلئے خوش آ:ند ہے ۔ متحدہ عرب امارات میں ناقص مظاہروں اور پھر ٹیم سے خارج کئے جانے کے بعد ہسی نے گذشتہ مقابلے میں نصف سنچری اسکور کی ہے اور ان کے ساتھی اوپنر ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین لنڈل سیمنس جو کہ ٹورنمنٹ کی واحد سنچری اسکور کرتے ہوئے خود کو بہترین فام میں ہونے کا اشارہ دیا ہے ۔ مذکورہ بیٹسمین جنہوں نے راجستھان کے خلاف نصف سنچریاں اسکور کی ہے ۔ اگر وہ ایک مرتبہ پھر ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب رہے

تو کپتان روہت شرما اور کیرن پولارڈ کو تیز رفتار بیٹنگ کی کھلی اجازت مل جائے گی ۔ دوسری جانب راجستھان کے کپتان شین واٹسن جو کہ گذشتہ مقابلے میں پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے وہ اس ناکامیکو پس پشت ڈال کر اہم مقابلے میں ٹیم کیلئے کلیدی رول ادا کرنے کے خواہاں ہوں گے ۔ راجستھان کیلئے یہ فیصلہ حیران کن ہوسکتا ہے کہ وہ اسپین شعبہ میں دوسرے اسپنر کیلئے اقبال عبداللہ پر راہول ٹیواٹیہ کو ترجیح دے جیسا کہ گذشتہ مقابلہ میں راہول کو موقع دیا گیا تھا ۔ راجستھان کی ٹیم میں ممبئی کی رانجی ٹرافی کے کھلاڑی موجود ہیں اور ان پر اپنی ٹیم کو ممبئی کے میدان میں کامیابی دلوانے کیلئے اہم ذمہ داری عائد ہوگی ۔کیونکہ یہ مقامی کھلاڑی ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم اور اس کی وکٹس سے اچھی طرح واقف ہیں اور ان کے بہتر مظاہرہ کی بدولت اُن کی آئی پی ایل کی ٹیم پلے آف میں پہنچ سکتی ہے۔