ممبئی انڈینس کیلئے آج کرو یا مرو کی صورتحال

حیدرآباد۔11مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل 7میں ناقص مظاہرہ کرنے والی سابق چمپئن ممبئی انڈینس کا پیر کو سن رائیزرس حیدرآباد سے مقابلہ ہوگا ۔ ممبئی کو حیدرآباد کو شکست دے کر ٹورنمنٹ میں واپسی کرنے کا ایک بہت چیلنج درکار ہے ۔ ممبئی انڈینس اب تک 8مقابلوں میں صرف دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کرپائی ہے ۔ اگر اسے ناک آوٹ میں جگہ بنانی ہے تو بقیہ سارے مقابلے جیتنے ہوں گے ۔ حالانکہ ممبئی کی راہ اتنی آسان نہیں ہوگی کیونکہ گذشتہ سال آئی پی ایل میں داخلے کے بعد سے حیدرآباد کی ٹیم نے اپنے گھریلو میدان پر شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ سن رائیزرس کی ٹیم 8مقابلوں میں سے 4مقابلے جیت کر سرفہرست چار ٹیموں میں شامل ہیں ۔

ممبئی نے 3مئی کو کنگس الیون پنجاب ‘جب کہ 6مئی کو رائل چیلنجرس بنگلور کو آسانی سے شکست دے کر مسلسل دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ہفتہ کو چینائی سوپر کنگس کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ممبئی کی جانب سے کیپٹن روہت شرما اور ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ نے بیٹنگ میں اچھا مظاہرہ کیا ۔ امباٹی رائیڈو نے بھی ہفتہ کو چینائی کے خلاف 43گیندوں میں 59رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ممبئی انڈینس کے بیٹسمین چدمبرم گوتم بھی بڑے اسٹروکس کھیلنے میں کامیاب رہے لیکن ٹیم کو ظہیر خان کی عدم موجودگی کا شدت سے احساس ہوگا جو کہ زخم کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیںجب کہ ان کے مقام پر پراوین کمار لیا گیا ہے ۔ممبئی انڈینس ٹیم میں لستھ ملنگا ‘ ہربھجن سنگھ ‘پرگیان اوجھا جیسے تجربہ کار بولرس موجود ہیں ۔ سن رائیزر حیدرآباد نے ہفتہ کو دہلی میں بارش سے متاثرہ میچ میں دہلی ڈیرڈیولس کو شکست دی۔ قبل ازیں راجستھان رائلز کو بھی شکست دی ہے جس سے ٹیم کا حوصلہ کافی بلند ہے ۔ بیٹنگ میں کنٹرولنگ کی کمی ٹیم کیلئے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے ۔ ڈیل اسٹین ‘ بھونیشور کمار ‘ کرن شرما ‘ امیت مشرا ‘ ایشانت شرما ‘ ہینریک اور عرفان پٹھان کی موجودگی میں ٹیم کا بولنگ شعبہ کافی مضبوط ہے ۔

بیٹنگ شعبہ میں ٹیم کی نظریں کپتان شکھردھون کے علاوہ ڈیوڈ وارنر ‘ ڈیرن سیمی اور ارون فنچ پر ٹکی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ سن رائیزرس حیدرآباد نے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر دہلی ڈیر ڈیولس کو 8وکٹس سے شکست دے کر پلے آف میںجانے کی اپنی امیدیں برقرار رکھی ہے ۔ جب کہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی دہلی کی ٹیم کیلئے آئی پی ایل 7میں یہ ساتویں شکست تھی ۔ پہلے بیٹنگ کرنے والی دہلی ڈیرڈیولس کے 143رنز کے اسکور کو بارش نے صورتحال تبدیل کردیا ۔ اننگز کے درمیان ہوئی بارش سے سن رائیزرس حیدرآباد کو پہلے 15اوورس میں 117رنز کا ٹارگٹ ملا تھا لیکن ابھی 7گیندیں ہی پھینکی گئی تھی کہ بارش نے پھر سے رکاوٹ پیدا کردی ۔