ممبئی ، 13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) اپنی دندناتی پیشرفت رائل چیلنجرز بنگلور کی بیٹنگ طاقت کے خلاف تھم جانے کے بعد ممبئی انڈینس کو عملاً ’کرو یا مرو‘ کی صورتحال آن پڑی ہے جبکہ وہ انڈین پریمیر لیگ کرکٹ میں کل یہاں ڈیفنڈنگ چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرز کا سامنا کریں گے۔ گزشتہ اتوار کو آر سی بی کے مقابل یہاں ناکامی کے ساتھ پانچ میچ سے مسلسل کامیابی کا سلسلہ ٹوٹ گیا اور ایسا لگا کہ یہ غلط وقت پر ہوا ہے ۔ بہرحال ممبئی ٹیم کے کے آر کے مقابل اپنے مجموعی 10-5 کے جیت اور ناکامی کے ریکارڈ سے حوصلہ حاصل کرسکتی ہے ۔ تاہم کولکاتا نے 8 اپریل کو جاریہ سیزن کا افتتاحی مقابلہ ممبئی کے خلاف ہی 7 وکٹ سے جیتا تھا ۔ ممبئی کو یقینا اس میچ میں شرکت سے قبل جیت حاصل ہوئی ہوتی تو بہت بہتر ہوتا لیکن اب انھیں اے بی ڈی ولیرس کی جانب سے اپنے بولنگ اٹیک کی دھجیاں اڑانے والے مظاہرے کی تلخ یادوں کے ساتھ کھیلنا ہوگا ۔ ڈی ولیرس نے صرف 59 گیندوں میں 133 ناٹ آؤٹ اسکور کئے تھے ۔ کل کے اپنے آخری ہوم میچ سے قبل جو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے ، ممبئی کے 12 پوائنٹس ہیں اور انھیں 17 مئی کو سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف انھیں کے گراؤنڈ پر اپنا لیگ مرحلہ اختتام پذیر کرنا ہے ۔
چنانچہ روہت شرما زیرقیادت ممبئی کو اب غلطی کیلئے بہت کم گنجائش رہ گئی ہے ۔ ممبئی کو کسی حال اپنی تمام توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر آر سی بی کے مقابل 39 رنز کی ناکامی کو فراموش کرتے ہوئے کل طاقتور نائیٹ رائیڈرس کا مقابلہ کرنا ہوگا جو پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہیں ۔ دوسری طرف گوتم گمبھیر کی مہمان ٹیم کو معلوم ہے کہ ممبئی کے مقابل جیت انھیں پلے آف مرحلہ کا ایک مقام یقینی طورپر دلادے گی اس لئے وہ بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ میدان سنبھالیں گے ۔ سن رائیزرس ، دہلی ڈیرڈیولس اور کنگس الیون پنجاب کے مقابل متواتر فتوحات نے انھیں ممبئی کی طاقت کا سامنا کرنے کیلئے ٹھیک وقت پر حوصلہ بخش ماحول فراہم کیا ہے ۔ خطاب کے حامل مہمانوں کے پاس ٹاپ آرڈر ، مڈل آرڈر ، آل راؤنڈرس اور پھر بولنگ اٹیک میں مناسب توازن دیکھا جارہا ہے ۔ جہاں خود کپتان گمبھیر اور اُن کے ساتھی اوپنر رابن اُتھپا نیز منیش پانڈے کامیاب ہوئے ہیں وہیں یوسف پٹھان اور اینڈرے رسل نے بھی خوب کھیلا ہے ۔ بولنگ میں اُمیش یادو کی پیس حریفوں کیلئے پریشان کن ثابت ہورہی ہے ۔ مورنے مورکل نے بھی کارگر بولنگ کی ہے ۔