اندور، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ اپنی ٹیم کو چمپئن بنا چکے ممبئی انڈینس کے کپتان اور اسٹار بیٹسمین روہت شرما کی ٹیم مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے آئی پی ایل 11 میں فی الحال آخری نمبر پر کھسک چکی ہے اور اس کی اس کمزوری کا فائدہ اٹھا کر کل روی چندرن اشون کی کنگز الیون پنجاب اپنی کھوئی ہوئی ڈگر پرواپس آنے کی کوشش کرے گی۔آئی پی ایل کیناکام ٹیموں میں گنی جانے والی پنجاب نے اس مرتبہ ٹورنمنٹ میں اپنی کارکردگی سے سب کو چونکا دیا ہے اور وہ سات میچوں میں پانچ جیت کر 10 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔پنجاب نے بڑی ٹیموں کے خلاف میچ جیتے ہیں اور اس وقت یقینا وہ ممبئی کے خلاف جیت کی دعویدار ہے جس نے اپنی غلطیوں اور یکسوئی کی غیر موجودگی میں آٹھ میں سے چھ میچ گنوا دیے ہیں اور فی الحال آخری نمبر پر ہے ۔دو مرتبہ چمپئن رہی ممبئی کے کپتان روہت کی اس مرتبہ انفرادی کارکردگی بھی اتنی ناقص رہی ہے کہ اس نے ٹیم کے حوصلے کو مکمل طور پست کر دیا ہے اور اسی وجہ سے ممبئی نے بڑے اسکور کے باوجود کئی میچ ہارے ہیں۔ممبئی نے آئی پی ایل کی دیگر ناکام ٹیم وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور سے بھی پچھلا میچ 14 رن کے قریبی فرق سے گنوایا تھا۔وہیں بہترین تال میں چل رہی پنجاب بھی پچھلا میچ سن رائزرس حیدرآباد سے 13 رنز سے ہار کر پٹری سے اتر گئی تھی اور نفسیاتی دباؤ کا سامنا کر رہی ممبئی پر جیت کر وہ اپنی کھوئی لے حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔پنجاب کے پاس اس وقت بیٹنگ کی سب سے بڑی طاقت اوپنر کرس گیل ہیں جنہوں نے بنگلور سے ناطہ ٹوٹنے کے بعد اس مرتبہ ٹوئنٹی 20 میں اچھا فارم دکھایا ہے ۔گیل اگرچہ گزشتہ میچ میں 23 رن پر ہی آؤٹ ہو گئے تھے لیکن انہوں نے ٹیم کے اپنے چار میچوں میں ہی 126 کے اوسط سے سنچری اور دو نصف سنچریوں سمیت 252 رن بنائے ہیں اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔