ممبئی انڈینس اور چینائی سوپر کنگس میں آج دلچسپ مقابلہ متوقع

ممبئی ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مہیندر سنگھ دھونی شاندار فام میں ہونے سے چینائی سوپر کنگس کو کل یہاں کھیلے جانے والے ممبئی انڈینس کے خلاف مقابلہ میں سبقت حاصل رہے گی ، جیسا کہ دونوں ہی ٹیموں نے ٹورنمنٹ میںاب تک تین تین مرتبہ ٹرافی حاصل کئے ہیں ۔ چینائی سوپر کنگس جو کہ تین مرتبہ دھونی کی قیادت میں چمپئن بن چکی ہے ، وہ کل میزبان کے خلاف کامیابی کیلئے پسندیدہ موقف میں رہے گی کیونکہ دھونی کی ٹیم تاحال ٹورنمنٹ میں ناقابل شکست ہے اور کپتان کے علاوہ اس کے ٹاپ آرڈرس بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔ دوسری جانب ممبئی کیلئے ہر سیزن کی طرح رواں سیزن بھی ابتدائی مرحلہ میں نتائج ملے جلے ہیں جیسا کہ اُسے دو مقابلوں میں شکست ہوچکی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے خلاف فتوحات کا ریکارڈ دیکھا جائے تو یہ ممبئی انڈینس کے حق میں ہیں ۔ جیسا کہ روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی انڈینس ٹیم نے دھونی کی زیرقیادت چینائی کی ٹیم کو پانچ مقابلوں میں چار مرتبہ شکست دی ہے ۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان فتوحات اور ناکامیوں کے اعداد و شمار میں بھی روہت شرما کی ٹیم کو سبقت حاصل ہے جیسا کہ اس نے دھونی کی ٹیم کے خلاف 14-12 فتوحات حاصل کئے ہیں ، جس میں ایک چمپئنس ٹوئنٹی20لیگس کی کامیابی بھی ہے ۔ رواں سیزن چینائی کو ممبئی کے خلاف سبقت حاصل ہے ۔ خاص کر کے گذشتہ مقابلہ میں دھونی نے جس طرح 46گیندوں میں 75رنز اسکور کئے ہیں اور ٹیم کو 3/27 کی نازک صورتحال سے باہر نکالا ہے ۔ راجستھان کے خلاف کھیلے گئے گذشتہ مقابلہ میں ڈیون براؤو نے جس طرح آخری اوور میں بولنگ کی ہے اس سے چینائی کے ریکارڈ صدفیصد ہوچکے ہیں ۔ سوپر کنگس کو بھی بیٹنگ میں گہرائی کے معاملہ میں بھی ممبئی پر سبقت حاصل ہیں جب کہ ممبئی کو فاسٹ بولنگ شعبہ میں اپنے حریف پر سبقت رہے گی ۔ ممبئی کا زیادہ تر انحصار اپنے کپتان اور اوپنر روہت شرما کے بعد جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک پر ہے ۔ بولنگ شعبہ میں بھی ممبئی کی ٹیم میں تبدیلی کا امکان ہے جیسا کہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف کی شمولیت کا امکان ہے جب کہ لستھ ملنگا کے مقام پرآل راؤنڈر بین کٹنگ کو قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ چینائی کو جہاں اسپین شعبہ میں رویندر جڈیجہ ، ہربھجن سنگھ اور ٹورنمنٹ کے فی الحال کامیاب ترین بولر عمران طاہر کی خدمات حاصل ہیں تو وہیں ممبئی کیلئے فاسٹ بولنگ شعبہ اہم ہے جس میں عالمی نمبر ایک جسپریت بمرا کے ساتھ ہاردیک پانڈیا بھی موجود ہیں ۔