نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )چینائی سوپر کنگس کے خلاف34 رنوں کی جیت سے پرجوش دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم اتوار کو یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ہونے والے آئی پی ایل آئندہ مقابلے میں تین مرتبہ کی چمپئن ممبئی انڈینس کا کھیل بگاڑ سکتی ہے ۔ممبئی اس وقت فہرست میں13 میچوں میں6 فتوحات اور12 پوائنٹس کے ساتھ حالانکہ چوتھے مقام پر ہے لیکن پلے آف کے لئے اسے ہر حال میں یہ میچ جیتنا ہوگا۔ ا س میچ کو گنوانے کی صورت میں ممبئی ٹورنمنٹ سے باہر ہوجائے گی۔دہلی کے پاس اس مقابلے میں گنوانے کے لئے کچھ نہیں ہے ۔ دہلی اس میچ کو جیتے یا ہارے اس کے مقام پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اسے ہر حال میں باہر رہنا ہے ۔ جیتنے پر دہلی کے لئے یہی بڑی بات ہوگی کہ اس نے ٹورنمنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔دہلی نے کل اسی میدان پر پلے آف کے لئے کوالیفائی کرچکی چینائی کی ٹیم کو 34 رن سے ہراکر اپنی مایوس کن کارکردگی کا غم کچھ کم کیا لیکن ممبئی کے لئے اس میچ میں سب کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے ۔ ممبئی کو نہ صرف یہ میچ جیتنا ہے بلکہ اسے یہ بھی دیکھنا ہے کہ اس کا شاندار نیٹ رن ریٹ برقرار رہے ۔ممبئی نے اپنے پچھلے میچ میں پنجاب ٹیم کو محض تین رن سے ہراکر خود کو مقابلے میں برقرار رکھا تھا اور اسے اسی کارکردگی کو دہلی کے خلاف دہرانا ہوگا۔اچھے آغاز کے بعد لڑکھرانے والی کنگس الیون پنجاب کی ٹیم کو چینائی سوپر کنگس کے خلاف اتوار کو ہونے والے مقابلے میں، جیت کے ساتھ اچھے رن ریٹ کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ آئی پی ایل کے پلے آف کے لئے کوالیفائی کرسکے ۔پنجاب کے لئے اس وقت جو مثبت بات ہے وہ یہ ہے کہ اس کا لیگ میچ ٹورنمنٹ کا آخری لیگ میچ ہے اور وہ سارے حالات سے بخوبی واقف کہ اسے پلے آف میں پہنچنے کے لئے کیا کرنا ہے ۔پنجاب اس وقت13 میچوں میں چھ فتوحات اور 12 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر ہے جبکہ چینائی کل دہلی میں اپنا گزشتہ میچ ہارنے کے باوجود پلے آف کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے ۔ اگر چینائی کی ٹیم کل کا میچ جیت لیتی ہے تو پنجاب کی ٹیم باہر ہوجائے گی۔ہندوستانی آف اسپنر روی چندر اشون کی کپتانی والی پنجاب کی ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے علاوہ اپنے نیٹ رن ریٹ میں بھی اصلاح کرنی ہے ۔ پنجاب کا نیٹ رن ریٹ منفی0.490 ہے اور اسے بہتر بنانے کے لئے اسے200 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔پنجاب کو رن ریٹ میں تو آگے نکلنا ہی ہوگا بلکہ دوسری ٹیموں کی شکست کی دعا بھی کرنی ہوگی۔ پنجاب کو اگر پلے آف میں جانا ہے تو اسے امید کرنی ہوگی کہ ممبئی کی ٹیم اپنا آخری میچ دہلی کے خلاف گنوا دے ۔پنجاب کی سب سے بڑی مشکل اس وقت اس کا نیٹ رن ریٹ ہے جو آخری میچ جیتنے کے باوجود اسے ٹورنمنٹ سے باہر کرسکتا ہے ۔ پنجاب کے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ وہ بڑی جیت حاصل کرسکے ۔