ممبئی ۔11مئی( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی انڈینس کے8مقابلوں میں صرف دو میںکامیابی کے باوجود سابق چمپئن ممبئی انڈینس کے بیٹسمین امباٹی رائیڈو کاکہنا ہے اگر ان کی ٹیم اپنے مظاہرے میں تھوڑی سدھار لاتی ہے تو اس کے پاس ابھی بھی ناک آؤٹ میں جگہ بنانے کا موقع موجود ہے ۔ رائیڈو نے یہاں چینائی سوپر کنگس کے ہاتھوں اپنی ٹیم کی چار وکٹس سے شکست کے بعد ذرائع ابلاغ سے کہا کہ ہمیں حریف ٹیموں کے میدان پر اپنے زیادہ تر میچوں کے علاوہ یہاں واپس لوٹنے پر بھی جیت درج کرنی ہوگی۔ ہم جس طرح سے کھیل رہے ہیں اگر اسی طرح سے کھیلنا جاری رکھیں اور اپنے مظاہرے میں مزید نکھار پیدا کریں تو مجھے لگتا ہے کہ ہمارے لئے مستقبل کے مقابلوں میں بہتر نتائج پیدا ہونے کے قوی امکانات ہے ۔
دو بار کی آئی پی ایل فاتح رہ چکے چینائی سوپر کنگس نے ہفتہ کو ممبئی کو شکست دے کر وانکھڈے اسٹیڈیم پر مسلسل 10کامیابی کے اُس کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ۔ ہفتہ کے میچ میں ان کی ٹیم کی جانب سے کیا کوئی غلط سرزد ہوئی ہے ؟ یہ پوچھے جانے پر رائیڈو نے کہا کہ اگر میں اس کا تجزیہ کروں تو شاید بعض فیصلے سخت تھے ۔ رائیڈو نے مزید کہا کہ سابق چمپئن ٹیم نے اپنے طور پر بہتر مظاہرہ پیش کیا ہے اور ہفتہ کا میچ کوئی بھی ٹیم جیت سکتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو میچوں کے مقابلے میں یہ وکٹ تھوڑی دھیمی تھی جس کی وجہ سے گیند بیٹ پر نہیں آرہی تھی اور آخری میں شاید تھوڑی شبنم بھی گررہی تھی جس سے بولنگ کے درمیان گیند تیزی سے نکلتی جارہی تھی ۔ شاید یہی وہ چند وجوہات تھے جس کے سبب ہمیں چند مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔