حیدرآباد۔24ڈسمبر(سیاست نیوز) مرکزی وزیر برائے لیبر وایمپلائمنٹ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے ہمراہ ملے پلی آئی ٹی آئی کے دورے کے موقع پر مذکورہ آئی ٹی آئی کو عصری بنانے کے لئے دس کروڑ روپئے کی اجرائی کا اعلان کیا۔ ملے پلی آئی ٹی آئی کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے آئی ٹی آئی کی خستہ حالی پر گہرے تاسف کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ساٹھ سالوں سے تعصب کا شکار آئی ٹی آئی کو عصر ی بنانے کا وعدہ کیا بلکہ تلنگانہ ریاست کے ساٹھ آئی ٹی آئی میں تربیت حاصل کرنے والے ماہرین کو مرکزی اور ریاستی ملازمتیں فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔انہوں نے ریاست میں نیشنل کیرئیر کونسل کا تعارف کرواتے ہوئے سابق میں سرکاری ملازمتوں کے متعلق پیش آئی دھاندلیوں کا بھی جائزہ لینے کا وعدہ کیا تاکہ تلنگانہ ریاست کے ایمپلائمنٹ کارڈ ہولڈرس نوجوانوں کو تمام شعبے حیات میں مساوی موقع فراہم کیا جاسکے ۔مرکزی وزیر دتاتریہ نے ریاست تلنگانہ کو ماڈل ریاست بنانے میں مرکزکی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لئے ریاست کے ہونہار اور قابل نوجوانوں کے ساتھ اب تک ہوئی ناانصافیوں کو ختم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملے پلی آئی ٹی آئی میںعصری مشنریز نصب کرنے کے علاوہ مخدوش عمارتوںکی مرمت اور نئی عمارتیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔مسٹر این نرسمہا ریڈی ریاستی وزیر داخلہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملے پلی آئی ٹی آئی کی خستہ حالی کو تلنگانہ کے ساتھ تعصب کا نتیجہ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ آئی ٹی آئی میں تلنگانہ کے نوجوان تربیت حاصل کررہے ہیں اس لئے سابق کے آندھرائی حکمرانوں نے آئی ٹی آئی کو تباہی کے دہانے پرپہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔انہوں نے ملے پلی آئی ٹی آئی کی سرکاری اراضی فروخت کرنے والوں کے خلا ف سخت اقدامات کا تیقن دیتے ہوئے کہاکہ سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر کے روشیا کے دور حکومت میں ملے پلی آئی ٹی آئی کی سرکاری اراضی حکومت کی پشت پناہی میں فروخت کرتے ہوئے آئی ٹی آئی کو رقم ادا کرنے کا جھوٹا دعویٰ پیش کیاگیا جبکہ ملے پلی آئی ٹی آئی کو ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے ملے پلی آئی ٹی آئی کی بازیابی کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ سابق میں سرکاری اراضیات کے ساتھ پیش ہوئی دھاندلیوں کا جائزہ لیا جائے گاتاکہ ایک انچ سرکاری اراضی کو بھی غلط اور مفادات حاصلہ کے لئے استعمال سے روکا جاسکے۔ انہوں نے ماڈل تلنگانہ کی تشکیل کے لئے مرکزی وزیر کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ ملے پلی آئی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی اورریاستی وزراء کو اس موقع پرتہنیت پیش کی گئی ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر مسٹر دھرما راجو‘ آرجے ڈی ایس راجہ کے علاوہ پرنسپل ملے پلی‘ خیریت آباد‘ نامپلی آئی ٹی آئی ‘ ٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو بھی اس موقع پر موجود تھے۔