ہندوستانی شٹلر سوربھ ورما کو فائنل میں شکست
جوہور بہرو ( ملیشیا ) 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی شٹلر سوربھ ورما کو ملیشین گرانڈ پری گولڈ ٹورنمنٹ کے سنگلز فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ملیشیا کے سائمن سانٹوسو نے سخت جدوجہد کے بعد یہ میچ جیت لیا ۔ سوربھ ورما نے حالانکہ سخت مزاحمت کی اور میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی ۔ اس ٹورنمنٹ میں انعامی رقم 120,000 ڈالرس ہے ۔ حالانکہ میچ کے ایک بڑے حصے میں سبقت بنائے رکھنے کے باوجود سوربھ ورما کو 21 – 15, 16 – 21, 19 – 21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک گھنٹہ اور نو منٹ تک چلا یہ مقابلہ تیز رفتار بھی رہا اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے اس میں زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ پہلے دو گیمس میں دونوں نے ایک ایک جیت پر برابری قائم رکھی تھی تاہم فیصلہ کن گیم میں کوئی بھی کھلاڑی اپنے حریف پر آسانی سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہا ۔ دونوں نے اس میں سخت مقابلہ کیا اور ایک بھی پوائنٹ چھوڑنے کیلئے کوئی تیار نہیں تھے ۔ سانٹوسو جہاں بہترین شاٹس لگا رہے تھے وہیں سوربھ بھی اس کا اچھا جواب دے رہے تھے ۔ ایک موقع پر سوربھ ورما نے 19 – 18 سے سبقت حاصل کرلی تھی لیکن یہاں پر سانٹوسو نے میچ میں واپسی کی اور اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے مسلسل تین پوائنٹس اور پھر ٹورنمنٹ جیت لیا ۔