ملک کے کسی بھی علاقہ کا عام آدمی ٹیلی فون پر عام آدمی پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلانے کے قابل

نئی دہلی 14اپریل (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی نے واراناسی اور امیتھی لوک سبھا حلقوں میں شہریوں کو ٹیلی فون کر کے انتخابی مہم چلانے کا آغاز کیا ہے اس طرح رضا کاروں اور عوام کو چاہے ان کا تعلق ملک کے کسی بھی حصہ سے ہو اپنے امیدواروں کی تائید میں انتخابی مہم چلانے کا موقع ملے گا ۔ پارٹی نے دونوں انتخابی حلقوں کیلئے مفت ٹیلی فون کال کی سہولت بھی فراہم کی ہے ۔ ان دونوں حلقوں کو راست طور پر رائے دہندوں کو ٹیلی فون کرنے کیلئے مربوط کردیا گیا ہے ۔ صدر پارٹی اروند کجریوال وارناسی سے نریندر مودی کے خلاف امیدوار ہیں اور کمار وشواس نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا امیتھی میںمقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ اعلی سطحی انتخابی مہم میں اگر کوئی شخص مفت ٹیلی فون کال پارٹی کو کرتا ہے تو اس کی کال خود کار طور پر کسی ایک رائے دہندے سے جو ان دونوں حلقو ںکا ہومربوط ہوجاتی ہے اور وہ اپنے پسندیدہ امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم چلا سکتا ہے ۔