یلاریڈی مائناریٹی اسکول میں مجسٹریٹ شریمتی انیتا کا خطاب
یلاریڈی۔ یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی منصف مجسٹریٹ شریمتی انیتا نے مقامی مائناریٹی اقامتی اسکول میں طلبہ میں قانون سے متعلق شعور بیدار کرنے کے پروگرام کے تحت خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی و ملک کے قوانین سے ہر شہری کو واقف ہونا ضروری ہے۔ قوانین سے واقفیت رہنے کے بعد ہی ہمیں کیا کرنا ہے اور کس چیز سے منع کیا گیا ہے، پتہ چلتا ہے۔ اپنے حقوق سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔ قانون شکنی کرنے سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا اور جرم کی سزا ضرور ہوتی ہے۔ انہوں نے بہترین سماج کی تشکیل میں تعلیم کو ضروری قرار دیا۔ طلبہ کو اپنی تعلیم پر صد فیصد توجہ دینے اور اپنا مستقبل سنوارنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر بار اسوسی ایشن کے صدر گوپال راؤ نے اپنے خطاب میں طلبہ کو مختلف قوانین سے واقف کروایا اور انگریزی میں خوب محنت کرتے ہوئے مہارت حاصل کرنے کو کہا۔ انگریزی زبان بین الاقوامی زبان ہے۔ اس پر عبور حاصل کرنے سے ہی دنیا بھر میں روزگار کے مواقع آسان ہوتے ہیں۔ وییجلینس آفیسر شیخ احمد نے کہا کہ مائناریٹی اسکولوں میں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کے بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر اسکول پرنسپال پربھو لنگم، سب انسپکٹر سریکانت ریڈی، سیکنڈ کلاس مجسٹریٹ نویدیتا دیشپانڈے، وکلاء میں سرینواس، ستیش کمار، سائی پرکاش ، دیشپانڈے، پبلک پراسیکیوٹر، ایلیا، اسکول اساتذہ، عبدالنبی، عبدالحفیظ، وارڈن وینو، جونیر اسسٹنٹ محمد عمران اور دیگر موجود تھے۔