ملک کے سیکولر ڈھانچے کو خطرہ :میرا کمار

شیلانگ ۔ 5 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن امیدوار میرا کمار نے آج کہا کہ وہ صدارتی مقابلہ صرف اُس نظریہ کے خلاف کررہی ہیں جس کی وجہ سے ملک کے سیکولر ڈھانچہ کو خطرہ لاحق ہے ۔ وہ کانگریس زیراقتدار ریاست میں 17 جولائی کو ہورہے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں مہم کے لئے آئی ہوئی ہیں ۔ میرا کمار نے کہاکہ اُن کا مقابلہ اُس فکر کے خلاف ہے جس کی وجہ سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، سماجی انصاف ، رواداری اور شفافیت کو خطرہ لاحق ہے ۔ انھوں نے ارکان اسمبلی سے تائید کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک موقعہ ہے کہ ایک تاریخ بنائیں اور ہمارے ملک کے مفادات میںبہتر کام انجام دیں تاکہ ملک ترقی کرسکے ۔ میرا کمار نے کہاکہ اُنھیں صدارتی مقابلہ کرنے کی ضرورت اس لئے لاحق ہوئی کیونکہ ملک کے موجودہ ماحول میں سیکولر ڈھانچہ کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک وسیع ملک ہے جس میں کئی مذاہب کے ماننے والے ، نسلی گروپس ، مختلف تہذیبیں اور ثقافتیں ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں ۔ اقتدار پر رہنے والوں کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ ہم آہنگی کو فروغ دیں اور اسے متاثر نہ ہونے دیں ۔