ٹی آر ایس ، بی جے پی کا حامی ، تلنگانہ کا قیام کانگریس کی مرہون منت ، نظام آباد میں انتخابی جلسہ ، غلام نبی آزاد کا خطاب
نظا م آباد :7 ؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )راجیہ سبھا کے اپوزیشن لیڈر و سینئر کانگریس قائد مسٹر غلا نبی آزاد نے آج نظام آباد میں کانگریس امیدوارمدھو گوڑ یاشکی کے انتخابی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام کانگریس پارٹی کی دین ہے اور تلنگانہ کے کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ 3 سال تک جدوجہد کرتے رہے جس کے باعث کانگریس پارٹی نے کانگریس کے اراکین اسمبلی ، اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بات چیت کے بعد اور اس کے بعد سونیا گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ نے تلنگانہ کا قیام عمل میں لایا ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام کانگریس کی وجہ سے ہوا ہے تو فائدہ کسی اور دوسری جماعت کو ہورہا ہے اور یہ جماعت مرکز میں بی جے پی کا ساتھ دے رہی ہے ۔ بی جے پی نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے بل کے خلاف ووٹ دیا تھا اور آج ٹی آرایس پارٹی نے بی جے پی مرکز میں تائید کررہی ہے اور جی ایس ٹی اور صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ انتخابات میں ٹی آرایس پارٹی نے بی جے پی کا ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام دشمن اور کسان دشمن حکومتیں ہے۔ مسٹر غلام نبی آزاد نے کہا کہ ملک سنگین حالات سے گذر رہا ہے اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے کانگریس کی کامیابی ناگزیر ہے ۔ لہذا کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے جمہوریت کی بقاء کیلئے عوام سے اپیل کی ۔ اس موقع پر انقلابی شاعر غدر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سنگین حالات سے گذر رہا ہے اور ان حالات کو دیکھتے ہوئے عوام دانشمندانہ فیصلہ کریں خاص طور سے ملک کے مستقبل مسلمانوں کے ہاتھ میں ہے لہذا مسلمان سونچ سمجھ کر اپنا فیصلہ کریں ۔ مسلم ، دلت ، بی سی طبقات کے اتحاد سے ہی کانگریس کی کا میابی یقینی ہوسکتی ہے ۔ اس موقع پر کانگریسی امیدوار مسٹر مدھوگوڑ یاشکی نے ٹی آرایس امیدوار پر تنقید کی ۔اس موقع پراربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان ، ٹائون کانگریس صدر کیشو وینو ، سینئر کانگریس قائدین محمد جاوید اکرم ، ماجد خان ، عبدالکریم ببو ، محمد عیسیٰ ، اعجاز احمد مسعود، نعیم شہران کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔