بھینسہ میں جماعت اسلامی امیر مقامی الیاس احمد راحل کا بیان
بھینسہ ۔ 25 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ملک گیر سطح پر جاری مہم ’’ امن و انسانیت ‘‘ کے ضمن میںبھینسہ جماعت اسلامی کی جانب سے کیڈر میٹ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ واضح رہے کہ مہم ’’ امن و انسانیت ‘‘ ملک میں تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول اور سماج کی شیرازہ بندی کو بکھیرنے کی کوششوں کے خلاف چلائی جارہی ہے ۔ اس موقع پر امیر مقامی الیاس احمد راحل نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے ۔ مذاہب اور ثقافتوں میں تنوع اس ملک کی منفرد خصوصیت ہے ۔ جو بات دنیا کو حیرت زدہ کرتی ہے وہ یہ کہ ہمارے ملک میں اس قدر اختلافات و تنوع کے باوجود اس ملک میں لوگ صدیوں سے امن و امان کے ساتھ رہ رہے ہیں ۔ گزشتہ چند سالوں سے صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے ۔ انتہاپسندانہ رحجانات تیزی سے معاشرہ میں عام ہوتے جارہے ہیں ۔ سارے ملک میں ایک مخصوص گروہ اپنے حقیر مفادات کیلئے صدیوں پرانے اس سماجی ڈھانچے کو مسمار کرنے کیلئے اپنی ساری قوت صرف کئے ہوئے ہیں ۔ ملک بھر میں من گھڑت وجوہات کی بناء پر اقلیتوں کو نشانہ بنانا ، دلتوں پر حملے ، خواتین کا استحصال وغیرہ کے ذریعہ سماج کو بانٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جماعت اسلامی ہمیشہ سے تعصب اور تنگ نظری کی مخالف رہی ہے اور جماعت نے ہمیشہ اس ملک سے ان برائیوں کو دور کرنے کی جدوجہد کی ہے ۔ اس وقت ملک کے حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ایک ملک گیر مہم ’’ امن و انسانیت ‘‘ چلائی جارہی ہے ۔ اہل ملک کو امن و انسانیت کا پیغام پہنچانا اس کا مقصد ہے اسی ضمن میں شہر بھینسہ مہم سے متعلق مختلف سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں ۔ مخصوصاً برادران وطن میں انسانیت دوست افراد سے ملاقاتیں کی جائیگی ۔ ملت کے افراد اور اہل وطن کے آپسی تعاون کے ذریعہ امن و امان کی فضاء کو فروغ دینے کی کوشش کی جائیگی ۔ اس موقع پر تمام طبقات اور مذاہب ، سماجی کارکن اور سماجی تنظیموں کا تعاون درکار ہے ۔ ان تمام افراد سے باہمی گفتگو کے ذریعہ امن و سلامتی کے پیغام کو عام کیا جائیگا اس موق عپر سید خلیل اختر ، اشرف علی ، شیخ محبوب ، عبدالحق ، مجیب احمد ، عزیز خان اور تقی الدین موجود تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ذمہ داران کی جانب سے مہم سے متعلق پوسٹرس کی رسم اجراء انجام دی ۔