ملک کی شاندار شبیہہ کوبایاں بازو مسخ کررہا ہے، آر ایس ایس کا بیان

نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے آج بایاں بازو کے محققین کی جانب سے کیلیفورنیا میں نصابی کتابوں میں انڈیا کے بجائے ساوتھ ایشیا کا لفظ استعمال کرنے کی کوشش پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہندو کارکنوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور بائیں بازو کے اسکالر ملک کی شاندار شناخت کو مسخ کردینے کی کوشش کررہے ہیں۔ امریکہ میں مقیم ہندو نصابی کتابوں میں اس قسم کے بیان کے خلاف کیلیفورنیا کے محکمہ تعلیمات سے احتجاج کرچکے ہیں اور خواہش کرچکے ہیں کہ تاریخ کی نصابی کتابوں میں ترمیم کی جائے جن میں ہندو دھرم کے حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے ہندوستان کی شاندار تہذیب کو مسخ کرکے پیش کیا جارہا ہے۔ بائیں بازو کے محققین ہندوستان کی شاندار شناخت کو مسخ کرنا چاہتے ہیں۔ کیلیفورنیا میں یہی کارروائی کی جارہی ہے۔ آر ایس ایس کے ترجمان منموہن ویگیا نے کہا کہ ہندوستان کی اپنی ایک شناخت ہے۔ ضرورت ہیکہ اس کا تحفظ کیا جائے اور جنوبی ایشیا کے بجائے لفظ ہندوستان استعمال کیا جانا چاہئے کیونکہ جنوبی ایشیا لفظ کا استعمال غلط ہے۔ دنیا بھر کو ہندوستان کی تہذیب اور تمدنی تاریخ سے واقف کروانا چاہئے اور ہندوستان کی شناخت واضح طور پر پیش کرنی چاہئے ۔ ہندوؤں کے احتجاج کے بعد کیلیفورنیا کے محکمہ تعلیمات نے نصاب میں مذکورہ تبدیلیوں سے گریز کا فیصلہ کیا ہے۔