کریم نگر میں ٹی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے رکن پارلیمنٹ ونود کمار کا خطاب
کریم نگر۔/26 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی سیاست میں علاقائی پارٹیوں کا اہم کردار ہوگا ۔ کانگریس اور بی جے پی کے بغیر فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کی کوشش جاری ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام تبدیلی کا ذہن بنائے ہوئے ہیں۔ وہ پدما نائیکا کلیانہ منڈپم میں منعقدہ اجلاس میں مخاطب تھے۔ اجلاس کی صدارت گنگولا کملاکر نے کی۔اس موقع پر ایم پی ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس ایک مستحکم اور طاقتور پارٹی بن چکی ہے اور آنے والے تمام چناؤ میں کامیابی کیلئے کارکنوں کو متحدہ طور پر کام کرنے کا انہوں نے مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی توقع کے مطابق کہ ٹی آر ایس 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی انتخابات میں ٹی آر ایس نے 88 نشستوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ کے سی آر کی ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر دیگر ریاستیں بھی ان اسکیمات کو اپنارہی ہیں اور آنے والے دنوں میں تلنگانہ ملک بھر میں ایک مثالی ریاست بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت پر اولین توجہ دی جارہی ہے اور پارٹی میں رہتے ہوئے ذمہ داری سے کام کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں نامزد عہدے دیئے جائیں گے۔ سبھی کارکنوں کو چاہیئے کہ پارٹی کی بنیاد پر حکومت کی جاری کردہ اسکیمات کو عوام تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست میں 24 گھنٹے برقی کی موثر سربراہی کا وعدہ کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ حکومت کی رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ کسانوں کی زندگی میں نئی روشنی اور امید پیدا ہوگئی اور یہ اسکیم ملک بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔ کے سی آر کے ان ترقیاتی پروگراموں کو دیکھتے ہوئے عوام نے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اداروں کے چناؤ اور میونسپل کارپوریشن اور پارلیمانی انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے دور اندیشی سے کے ٹی آر کو پارٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ بنایا ہے، پارٹی کو ملک کی سطح پر ترقی کیلئے کام کرنا چاہیئے اور آنے والے دنوں میں کے سی آر کو وزیر اعظم بنانے کیلئے کارکنوں کو خوب محنت کرنا چاہیئے۔ ایم پی ونود کمار نے کہا کہ کریم نگر کو مثالی اور خوبصورت شہر بنانے کیلئے اقدامات شروع ہوچکے ہیں اور ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں کے ٹی آر کو پارٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کئے جانے پر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا گیا۔اجلاس میں میئر سردار رویندر سنگھ، ڈپٹی میئر گوگیلا رمیش، سابق ایم ایل اے کے ستیہ نارائن گوڑ، کارپوریٹر بونالا سریکانت، وائی سنیل راؤ، رمنا، ایم رویندر، بی وینو، چبوری جئے سری، ٹی پربھاوتی، ساجد، ڈاکٹر وجیندر، ایم پی پی واسالہ رمیش، زیڈ پی ٹی کے سرینواس، سرینواس گوڑ اور دیگر موجود تھے۔