ملک کی سرحدیں غیر محفوظ

مودی حکومت کی خارجہ پالیسی غیر موثر ، مایاوتی کی تنقید
لکھنو ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ خارجہ پالیسی بالخصوص پاکستان کے بارے میں غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے ملک کی سرحدات غیر محفوظ ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی بالخصوص پاکستان کے بارے میں خارجہ پالیسی ایسا لگتا ہے کہ عدم استقلال اور غیر موثر ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سرحدات پر حالات انتہائی غیر محفوظ ہیں اور ایسا پہلے کبھی نہیں تھا ۔ ان کا یہ تبصرہ پٹھان کوٹ فضائیہ کے اڈہ پر دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے پس منظر میں ہوا ۔ مایاوتی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی قائدین جو باتیں کیا کرتے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کے تعلق سے ہندوستان کی خارجہ پالیسی تبدیل ہوگی اور استحکام یقینی ہوگا لیکن ایسا لگتا ہے کہ موجودہ پالیسی انتہائی غیر موثر ہے ۔ اترپردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی بہبود کے لیے حکومت نے کچھ نہیں کیا ۔ حکومت نے ایسی کوئی خدمت انجام نہیں دی اور نہ ہی عوامی بھلائی کے کام کئے جس کی وجہ سے ریاست میں افراتفری کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔ سماج وادی پارٹی قائدین سیکل چلانے ، خاندان کی تشہیر اور سیفائی مہاتسو میں فیملی شو میں بھی مصروف ہیں ۔ حکومت کے پاس ریاستی پولیس سربراہ کے تقرر کے لیے وقت نہیں ۔ انہوں نے نئے تقرر کئے گئے ڈی جی پی جاوید احمد کو ایک دیانتدار اور با صلاحیت عہدیدار قرار دیا اور کہا کہ انہیں افسوس اس بات کا ہے کہ سماج وادی پارٹی حکومت میں فرض شناس عہدیداروں کو دیانتداری سے کام کرنے نہیں دیا جاتا ۔