ملک کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری

نارائن پیٹ ۔ 22 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ٹاون میں یوم شہیدان پولیس کے موقع پر آج مقامی پولیس کے زیراہتمام ایک ریالی کا اہتمام کیا گیا جو پولیس اسٹیشن سے برآمد ہوئی اور شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی احاطہ پولیس اسٹیشن پہنچی جہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کی اور مہمانان خصوصی کے طور پر مختلف سیاسی و سماجی قائدین نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر پی نرسمہاریڈی ، سرفراز حسن انصاری ( کانگریس ) بنڈی وینوگوپال ، اے آر رحمن ( ٹی آر ایس ) ، ڈاکٹر کے نرسمہا ریڈی ، محمد امیرالدین تلگودیشم نے اپنی تقریر میں شہیدان پولیس کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ محمد امیر الدین ایڈوکیٹ رکن بلدیہ نے شہید فوجی جوان فیروز خان کو یاد کیا جن کا تعلق نارائن پیٹ سے ہے اور فیروز خان نے پاکستانی فوجیوں سے مقابلہ کرتے ہوئے سرحد پر شہید ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید فیروز خان نے اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جس طرح اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے اس طرح ملک کے ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بلالحاظ مذہب و ملت ملک کی ترقی و تعمیر کیلئے اپنا خون پسینہ بہائے ۔ مسٹر راما لنگا ریڈی سب انسپکٹر نے خیرمقدم کیا اور مسٹر کے رویندر پرساد ، سی آئی نے اختتامی کلمات پیش کئے ۔