ملک کی تمام یونیورسٹیز میں حالات اچھے نہیں ہیں : وینکیا نائیڈو کا ادعا

ہندو پور 28 فبروری ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ملک کی جملہ 280 یونیورسٹیز میں حالات اچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جامعات میں ماحول کو بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ ترقی اسی وقت ممکن ہے جب جامعات میں حالات پرامن رہیں۔ مسٹر وینکیا نائیڈو ہندو پور میں لیپاکشی فیسٹول میں اظہارخیال کر رہے تھے ۔ واضح رہے کہ ان دنوں ملک کی جامعات میں پیش آنے والے مسائل ملک بھر میں موضوع بحث ہیں ۔ خاص طور پر جے این یو واقعہ اور حیدرآباد یونیورسٹی میں دلت طالب علم روہت ریمولہ کی خود کشی پر ملک کا ماحول گرمایا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹول میں شرکت کرکے انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیپاکشی کو ایک سیاحتی مرکز بنانے کیلئے مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی ۔ اس طرح کی تقاریب سے نہ صرف اس علاقہ میں کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس سے اس مخصوص مقام کو ایک سیاحتی مرکز بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔