ملک کی ترقی کیلئے کانگریس کو اقتدار پر لانا ضروری

حلقہ پارلیمان عادل آباد کے کانگریس امیدوار رمیش راتھوڑ کی پریس میٹ

خانہ پور۔21 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک اور ملک کے عوام کی ترقی کے لیے کانگریس کو ا قتدار پر لانا بے حد ضروری ہے۔ ٹی آر ایس ایک چھوٹی سی علاقائی جماعت ہے۔ کیا ٹی آر ایس کے 16 ایم پی سے مرکز میں ٹی آر ایس کو اقتدار ممکن ہے؟ ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر کہتے بہت کچھ ہیں، کرتے بہت کم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ پارلیمان عادل آباد کے کانگریس امیدوار رمیش راتھوڑ سابق ایم پی عادل آباد نے پریس کلب خانہ پور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست تلنگانہ کے ہر مستحق کو ڈبل بیڈروم تعمیر کرکے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ کے سی آر کیوں اپنے وعدے سے منحرف ہوگئے۔ عوام کو ڈبل بیڈروم تو درکنار کے سی آر نے ابھی تک کسی کو بھی ایک ا ینچ زمین تک نہیں دی۔ کے سی آر زبانی جمع خرچ میں بہت ماہر ہیں۔ کے سی آر نے ترقی کے نام پر پانچ سال گزار دیئے۔ اقتدار میں آنے سے قبل کے سی آر نے ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ کیا مسلم تحفظات میں ایک فیصد کا بھی اضافہ ہوا؟ کے سی آر نے ریاست کے ہر طبقے کو گمراہ کیا۔ کے سی آر ایک مطلب پرست اور موقع پرست انسان ہے۔ اپنے مفاد کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ کب کیا کہتے اور کب کیا کرتے نہیں معلوم۔ کے سی آر نے مرکز میں بی جے پی کی نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلے کی بھرپور تائید کی اپنے ذاتی مفاد اور اقتدار کے لیے کے سی آر نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی تائید کی۔ کے سی آر نے ریاست کے کسی بھی مذہب و ذات کے معاملات میں بی جے پی کی دخل اندازی کو نہیں روکا۔ کے سی آر نے بی جے پی این ڈی اے سے باہر رہ کر بی جے پی کی ہر کام میں مدد کی، چاہے وہ نوٹ بندی ہو یا جی ایس ٹی، گائو رکشا یا مسلمانوں کو طلاق ثلاثہ مسئلہ میں ملک کے مسلم طبقہ کا مسلسل استحصال ہوتا رہا۔ کے سی آر نے کبھی زبان تک نہیں کھولی۔ اب کے سی آر کو سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے۔ کانگریس قائد رمیش راتھوڑ نے کہا کہ حلقہ پارلیمان عادل آباد کے ٹی آر ایس امیدوار جی ناگیش سابق ایم پی عادل آباد، انہیں ضلع کے عوام کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سابق ایم پی گزشتہ پانچ سالوں میں خانہ پور کتنی بار آئے۔ کیا انہوںنے یہاں کے عوام سے ان کے مسائل کی سنوائی کی گئی؟ نہیں۔ جبکہ میں رمیش راتھوڑ سابق ایم پی عادل آباد میں آپ کا خادم ہوں میں نے یہ بات بہت پہلے ہی کہی تھی اور اب بھی یہی کہہ رہا ہوں، میں نے ضلع عادل آباد کے عوام کے لیے اپنی زندگی کو وقف کردیا۔ میں نے ہی خانہ پور کے کسانوں کے لیے ایس آر ایس پی سے صدرماٹ ڈیم کو پانی لایا، میں نے یہاں کے کسان برادری کے لیے اپنی جان عزیز کو تک دائو پر لگاکر مرن برت رکھا اور میں نے ہی خانہ پور کے بے گھر افراد کے لیے 118 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی اور اس وقت کی حکومت کو رپورٹ پیش کیا۔ اصل میں میں ہی آپ کا خدمت گزار ہوں میں متحدہ ضلع عادل آباد کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ حلقہ پارلیمان عادل آباد کے لیے آپ اپنا قیمتی ووٹ دے کر مجھے بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔ اس موقع پر اے وینکا گوڑ، آکولہ سرینواس، یوسف احمد خان، معاون رکن ضلع پریشد عادل آباد، ظہیر احمد سابق صدر جامع مسجد خانہ پور دیگر موجود تھے۔