کریم نگر ۔28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے عوام 60 سال سے جو خواب دیکھ رہے تھے اسے سونیا گاندھی نے سچ کردکھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی کے سینئر قائد رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے اندرا وجیا یاترا کے سلسلے میں پیر کی شام قلب شہر ٹاور سرکل کریم نگر کے پاس منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی او 610 اور دیگر کئی معاہدوں کی سیما۔ آندھرا قائدین برسراقتدار ہونے کے بعد خلاف ورزی کرتے آئے ہیں۔ اگر وہ انصاف کے ساتھ اور مل جل کر رہتے تو آج ہم علیحدہ ریاست تلنگانہ کی بات نہیں کرتے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے لئے گزشتہ 60 سال کے دوران کئی افراد نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ، ہزاروں خاندان پریشان ہوئے، پھر بھی سیما۔ آندھرا قائدین کا ظالمانہ رویہ برقرار رہا اور قیام تلنگانہ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں اور سونیا گاندھی پر تنقیدیں کررہے ہیں جبکہ ملک کی ترقی و استحکام کیلئے بلاخوف و خطر فرقہ پرست طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ملک کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے بچانے کی سونیا گاندھی کوشش کررہی ہیں۔ ملک کی ترقی اور عصری آلات سے ملک کو لیس کرنے کی خاطر راجیو گاندھی نے اپنی جان گنوادی۔ آج ہر ایک کے ہاتھ میں سیل فون ہے،
اس طرح کی ترقی کانگریس کے انقلابی فیصلوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو ووٹ دیں۔ اسی مقصد کے تحت میں نے یہ یاترا شروع کی ہے جس کا مجھے امید سے زیادہ ردعمل دکھائی دے رہا ہے۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ پونم پربھاکر کے یہ کہنے پر کہ چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر کو فضاء میں گرا دوں گا، اس تعلق سے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، لیکن آخر اشوک بابو کے بیانات پر پولیس کیوں کارروائی نہیں کررہی ہے۔ عہدۂ وزارت کو چھوڑ کر سریدھر بابو نے جو جرأت مندی کا مظاہرہ کیا ہے، ان کی میں ستائش کرتا ہوں۔ رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کی قیادت میں تلنگانہ کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ تلنگانہ کا ہر فرد سونیا گاندھی کے اس فیصلے کو یاد رکھے گا، قیام تلنگانہ میں خواہ کتنی بھی رکاوٹ ڈالی جائے، سی ڈبلیو سی کا فیصلہ کے مطابق ہی عمل ہوگا اور قاعدہ کے مطابق پارلیمنٹ میں بل کو منظوری مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے خلاف کارکرد چیف منسٹر کا میں نے دو ڈھائی سال سے صورت بھی دیکھنا گوارا نہیں کیا۔ رکن پارلیمنٹ ورنگل سرسلہ راجیہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فروری کے دوسرے ہفتہ میں پارلیمنٹ میں بل منظور ہوجائے گا۔ ریاستی صدر کانگریس پارٹی شعبہ خواتین آکولہ للیتا نے بھی مخاطب کیا اور مخالفین تلنگانہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ اس پروگرام میں ڈی سی سی صدر کے رویندر راؤ ، مقامی صدر کے کرشنا ، چیرمین ویملواڑہ دیوستھانم ، بوما وینکٹیشور ، پی سی سی سکریٹریز وائی سنیل راؤ ، ڈی شنکر ، سری رام چکرا ورتی ، چیلمیڈہ لکشمی نرسمہا راؤ ،قمر الدین وی دیویندر اور عمران کے علاوہ دیگر قائدین شریک تھے۔