ملک کی آزادی اور دستور سازی میں مسلمانوں کا اہم رول

آر ایس ایس اور داعش سے نفرت کا اظہار، خانہ پور میں یوم جمہوریہ تقریب سے علماء کا خطاب
خانہ پور /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور میں یوم جمہوریہ تقاریب کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ مستقر میں سرکاری و خانگی اسکولس و کالجس، سرکاری دفاتر کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین و کارکنوں نے اپنے دفتر میں قومی پرچم لہرایا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم صدیقیہ خانہ پور میں مولوی محمد جعفر نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر مولانا مبشر عالم خان خطیب مسجد عمر کروٹلہ نے مدرسہ کے اساتذہ و طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارے لئے آج کا دن انتہائی اہم یعنی خوشی کا دن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد ملک کے لئے دستور کی ضرورت تھی، جس کے لئے ہمارے علماء اور قائدین نے برطانیہ کے دستور کی مخالفت کرتے ہوئے ملک کی دستور سازی کے لئے کافی جدوجہد کی، تب جاکر 26 جنوری 1950ء کو ملک کا دستور بنا اور ہمارا ملک ہندوستان ایک جمہوری ملک قرار پایا۔ ملک کے دستور میں ہم کو ہر طرح سے حق آزادی حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کی خاطر ہمارے اسلاف نے اپنی جان عزیز کی قربانیاں دی ہیں، ہم کیسے اس ملک کے دوسرے درجہ کے شہری ہوسکتے ہیں؟۔ مولانا نے کہا کہ ہم جس طرح آر ایس ایس سے نفرت کرتے ہیں، اسی طرح آئی ایس آئی ایس (داعش) سے بھی نفرت کرتے ہیں، اس لئے کہ دین اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مذہب اسلام دہشت گردی کی سخت مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایس مذہب اسلام کو بدنام کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے۔ یہ یہودیوں کی منظم و منصوبہ بند سازش ہے۔ ہم ہندوستانی مسلمان داعش کو اپنے ملک ہندوستان میں قدم نہیں رکھنے دیں گے۔ قبل ازیں مدرسہ کے طالب علم محمد حامد خان نے قراء ت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر مدرسہ کے طلبہ محمد عمر اور محمد کیف نے ترانہ ہدی پیش کیا اور طالب علم محمد طالب اور محمد فاضل نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر اساتذہ مدرسہ حافظ عبد القادر، مولوی شیخ رئیس، حافظ نذیر، حافظ قیصر، حافظ عبد العزیز، حافظ فیصل اور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر مدرسہ کے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر پریس کلب خانہ پور میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ قبل ازیں صدر پریس کلب ناگراج نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جرنلسٹ پی سرینواس، اظہار احمد خان، جرنلسٹ رام کشن، جرنلسٹ محمد مجیب الدین، جرنلسٹ لکشمی نارائن، جرنلسٹ راج شیکھر، جرنلسٹ محمد علیم الدین، جرنلسٹ قیصر احمد، جرنلسٹ محمد شعیب حسین کے علاوہ پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ سرکل انسپکٹر آف پولیس نریش کمار نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہدی ماڈل اردو اسکول میں محمد واثق صدر مدرس نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر طلبہ نے مختلف پروگرامس پیش کئے۔ دفتر تحصیل میں اے نریندر تحصیلدار، پولیس اسٹیشن میں سی آئی نریش کمار، ایم پی ڈی او آفس میں رادھا راٹھور اور دفتر فاریسٹ میں ایف آر او جے پال ریڈی نے ترنگا لہرایا۔