ملک کا وزیر فینانس کون ہے کانگریس کا سوال

نئی دہلی، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی طرف سے پارٹی پر ملک میں غربت دور کرنے ‘صرف نعرہ دینے ‘ کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر جیٹلی کو پہلے یہ راز سب کے سامنے کھولنا چاہیے کہ وزارت خزانہ کی ذمہ داری کس کے پاس ہے ۔مسٹر جیٹلی نے اپنے فیس بک پوسٹ میں الزام لگایا تھا کہ کانگریس نے غربت دور کرنے صرف نعرہ دیا تھا جبکہ مودی حکومت نے غربت مٹانے وسائل اکٹھا کئے ہیں۔کانگریس محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے مسٹر جیٹلی کے الزامات پر نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں ملک کی معیشت کو لے کر عالمی بینک کی رپورٹ پر خوشی ظاہر کی، لیکن ساتھ کہا کہ اصلیت یہ ہے کہ ملک کا وزیر خزانہ کون ہے یہ واضح نہیں ہے ۔جس کا خمیازہ ہماری معیشت کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ ملک کا برآمد گھٹ رہا ہے ، جی ایس ٹی کی پیچیدگی کی وجہ سے سرمایہ کاری گھٹ رہی ہے ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور معیشت کاآئینہ سمجھا جانے والا روپیہ کمی کے نت نئے ریکارڈ بنا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر جیٹلی کو حکومت کی حمایت میں فیس بک پر تبصرہ کرنے کی بجائے اس راز سے پردہ اٹھانا چاہئے کہ ملک کا وزیر خزانہ کون ہے جن کے رہتے ہوئے ہماری معیشت چوپٹ ہو رہی ہے ۔