ملک پیٹ کے دو نوجوان اقدام قتل کیس سے بری

حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے دوسرے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے آج ملک پیٹ کے دو نوجوان محمد عبدل زاہد اور شیخ عبدل خواجہ کو مقامی بی جے پی لیڈر کے اقدام قتل کیس سے بری کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زاہد اور خواجہ مبینہ حرکت الجہاد اسلامی کے رکن ہیں اور وہ موجودہ ٹاسک فورس بم دھماکہ کیس کے ملزم بھی ہیں۔ڈسمبر سال 2003 میں ملک پیٹ پولیس نے زاہد، خواجہ اور اس کے ساتھی ندیم اللہ حسینی کو مقامی بی جے پی لیڈر بی رنجیت عرف بابجی پر قاتلانہ حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ زاہد اور خواجہ کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جبکہ اس کیس کے ایک اور ملزم ندیم اللہ حسینی جو پراسرارطور پر لاپتہ ہوگیا کا کیس علحدہ کردیا گیا۔ ملک پیٹ پولیس نے اقدام قتل کیس میں 6گواہوں کو عدالت میں پیش کیا تھا جن کے بیانات قلمبند کئے گئے تھے۔ فاضل جج نے آج دونوں نوجوانوں کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کردیا۔ اس کیس کی پیروی سینئر کریمنل ایڈوکیٹ مسٹر ایم اے عظیم نے کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شیخ عبدل خواجہ کو پاکستانی پاسپورٹ اور جعلی کرنسی کیس میں بری کردیا تھا۔