ملک پیٹ میں سرقہ کی سنگین واردات لاکھوں روپیوں کے زیورات کا سرقہ ، پولیس مصروف تحقیقات

حیدرآباد ۔ /22 فبروری (سیاست نیوز) ملک پیٹ علاقہ میں پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات میں سارقین نے چاول کے تاجر کے مکان سے 80 تولے طلائی زیورات لاکھوں روپئے کی نقد رقم و چاندی کا سرقہ کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ چکوٹی کارتک ساکن اے پی اے یو کالونی ملک پیٹ اپنے رشتہ داروں کی شادی میں شرکت کیلئے ارکان خاندان کے ہمراہ ورنگل کو ہفتہ کی شب گیا ہوا تھا کہ کل رات دیر گئے قفل شکنی کے ذریعہ سارقین نے مکان میں داخل ہوکر الماریوں میں موجود 80 تولے طلائی زیورات پوجا کے کمرے سے 8 کیلو چاندی اور دو لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا ۔ کارتک کے پڑوسی مکان کا قفلٹوٹا ہوا دیکھ کر اسے فون پر اطلاع دی اور وہ آج صبح اپنے مکان پہونچ کر ملک پیٹ پولیس کو اس سلسلے میں شکایت درج کروائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ مسٹر سی ایچ سدھاکر اور دیگر پولیس عملہ مقام واردات پر پہونچ کر سراغ رسانی دستہ (کلوز ٹیم) کو طلب کرلیا اور وہاں سے انگلیوں کے نشانات حاصل کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ جیل سے تقریباً 30 سارقین کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ہے اور پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کررہی ہے ۔ ملک پیٹ پولیس نے سرقہ سے متعلق ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سائبر آباد کے علاقہ یاپرال میں ایک صنعت کار کے مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی جس میں دوسری منزل میں سارقین داخل ہوکر 53 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا ۔ جواہر نگر پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔