ملک پیٹ سے لاپتہ لڑکی کی نعش حیات نگر سے دستیاب

حیدرآباد۔ /29 مئی (سیاست نیوز) چادر گھاٹ علاقہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی ڈاٹا انٹری آپریٹر کی نعش آج حیات نگر علاقہ میں دستیاب ہوئی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ 26 سالہ جانکی ساکن ملک پیٹ کا قتل اسکے بوائے فرینڈ 27 سالہ یشونت کمار نے کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ /17 مئی کو جانکی اپنے مکان سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی جس پر اس کے قریبی رشتہ دار سرینواس نے /20 مئی کو چادر گھاٹ پولیس سے گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور گمشدہ لڑکی کے موبائیل فون کی تفصیلات سے اس کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے تھے کہ آج حیات نگر کے علاقے گوری ویلی ویلیج سے اس کی نعش انتہائی مسخ شدہ حالت میں دستیاب ہوئی ۔ چادر گھاٹ پولیس نے جانکی کے رشتہ داروں کے ہمراہ حیات نگر پہونچ کر اس کے ملبوسات کی مدد سے نعش کی شناخت کی اور بعد ازاں دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جانکی کی دوستی فیس بک کے ذریعہ یشونت سے ہوئی تھی اور دونوں کے تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ یشونت کمار جانکی سے دوری اختیار کرنے اس سے تعلقات ترک کردیا تھا جس کے نتیجہ میں جانکی اس کے خلاف پولیس کارروائی کا انتباہ دے رہی تھی ۔ یشونت کمار نے جانکی کو /17 مئی کو اس کے مکان طلب کیا جہاں پر اس کا قتل کرنے کے بعد نعش کو ایک تھیلے میں باندھ کر اپنی موٹر سائیکل پر لے جاکر موسیٰ ندی میں پھینک دیا ۔ نعش آج حیات نگر سے دستیاب ہوئی ۔ پولیس نے لڑکی کے بوائے فرینڈ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا ۔