نئی دہلی 28 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی 7 ڈسمبر کو ریاستوں کے چیف منسٹروں سے ملاقات کرینگے تاکہ منصوبہ بندی کمیشن کی بجائے نئے قائم کئے جانے والے ادارہ کے ڈھانچہ کے تعلق سے تبادلہ خیال کرسکیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ریاستوں کے چیف منسٹروں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے تاکہ منصوبہ بندی کمیشن کی جگہ لینے کیلئے جو نیا ادارہ قائم کیا جا رہا ہے اس کے ڈھانچہ اور دیگر تفصیلات و ہئیت کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا جاسکے اور ان کی رائے حاصل کی جاسکے ۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی یوم آزادی تقریب تقریر میں اعلان کیا تھا کہ 1950 میں قائم کئے گئے منصوبہ بندی کمیشن کو تحلیل کردیا جائیگا اور اس کی بجائے آج کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک ادارہ قائم کیا جائیگا ۔ مودی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ہم بہت جلد ایک ایسا ادارہ قائم کرینگے جو منصوبہ بندی کمیشن کی جگہ لے گا ۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں داخلی صورتحال بدل گئی ہے ۔ عالمی ماحول بدل گیا ہے اور ہم کو ایک ایسے ادارہ کی ضرورت ہے جو تخلیقی سوچ رکھے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاسکے ۔ اس اعلان کے بعد کمیشن کی جانب سے بھی ماہرین کے ساتھ اجلاس منعد کئے گئے تھے تاکہ نئے ادارہ کی ہئیت ترکیبی کے تعلق سے بات چیت کی جاسکے جو کمیشن کی جگہ لے گا ۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے منصوبہ بندی کمیشن کا قیام ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے مقصد سے عمل میں لایا تھا ۔ یہ کمیشن کابینہ کی قرار داد کے ذریعہ قائم ہوا تھا اور اسے زبردست اختیارات اور وقار حاصل ہے اور اس کی قیادت خود وزیر اعظم کرتے ہیں۔ اس کمیشن کا اصل کام مختلف شعبہ جات میں ترقی کے نشانے مقرر کرنا اور ان نشانوں کی تکمیل کیلئے وسائل فراہم کرنا ہے ۔