ملک میں مودی کی لہر نہ ہونے کابی جے پی قائد کا اعتراف

نئی دہلی/سنگرور۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹھوس تبصرہ میں بی جے پی قائد مرلی منوہر جوشی نے آج کہا کہ ملک میں کوئی مودی لہر نہیں ہے‘صرف بی جے پی کی لہر ہے۔بی جے پی کے انتخابی منشور کمیٹی کے صدر مرلی منوہر جوشی نے یہ بھی کہا کہ مودی کی جانب سے گجرات کی ترقی کا جو مثالی نمونہ پورے ملک کیلئے تجویز کیا جارہاہے اسے تمام ریاستوں کیلئے موزوں قرار نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کیلئے ایک مخصوص نمونہ ہوتاہے۔

مرلی منوہر جوشی نے مودی کیلئے وارناسی کی پارلیمانی نشست سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کے امیدوار اعلیٰ عہدہ کیلئے پارٹی کے صرف ایک ’’نمائندہ‘‘ ہیں ۔ انہیں ملک گیر سطح سے اور بی جے پی قائدین تائید حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی امیدوار کی لہر ہے ‘ شخصی طور پر مودی کی کوئی لہر نہیں ہے ۔ انہیں ملک کے مختلف علاقوں میں سماج کے مختلف طبقوں سے اور بی جے پی کے تمام قائدین سے صرف اس لئے تائید حاصل ہورہی ہے کیونکہ وہ پارٹی کے نمائندے ہیں ۔ جوشی کے تبصرہ پر جب پارٹی کے سینئر قائد روی شنکر پرساد سے ردعمل دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ جوشی کے تبصرے کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کرسکیں گے ۔

سنگرور سے موصولہ اطلاع کے بموجب پنجاب کے اپنے دورہ کے آخری دن عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے کہا کہ پورے ملک میں کہیں بھی مودی کی لہر کا ذرا سا بھی اثر نہیں دیکھا جاتا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ’’کرپشن اور وی آئی پی کلچر ‘‘ کے یو پی اے اور این ڈی اے حکومتوں کے دور کا خاتمہ کردیں ۔ وہ ایک روڈ شو سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہے ۔ کیونکہ عوام یو پی اے اور این ڈی اے حکومتوں کی ناقص حکمرانی سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام آدمی آگے نہ آئے تو ملک کا نظام بدستور بدعنوان بنارہے گا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ عام آدمی پارٹی کے امیدوار کی تائید کریںاور بدعنوانی و وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیں۔