ملک میں مودی کی لہر نہیں ہے :پرینکا گاندھی

نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی نے ملک بھر میں مودی کی لہر چلنے سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا اور کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ملک میں مودی کی کوئی لہر چل رہی ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد اخباری نمائندوں کے سوال پر کہ آیا وہ اس بات پر اتفاق کرتی ہیں کہ ملک میں خود ساختہ مودی کی لہر چل رہی ہے انہوں نے جواب دیا کہ میں نہیں سمجھتی کہ ایسا ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہول گاندھی کیلئے امیتھی اور رائے بریلی میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ اس سوال پر کہ مودی نے اُن کے شوہر رابرٹ وڈرا کو اراضی معاملوں میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے پرینکا نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ملک میں مودی کی لہر سے متعلق ٹی وی چینلوں کی جانب سے زبردست تشہیر کی جارہی ہے ۔

مسلمان مودی پر ہرگز بھروسہ نہیں کرسکتے :پیس پارٹی
گاؤندا 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پیس پارٹی کے صدر ڈاکٹر ایوب نے آج بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ہندوستانی مسلمان 2002 میں گجرات کے فسادات کے بعد سے مودی پرہر گز بھروسہ نہیں کررہے ہیں اور آئندہ بھی بھروسہ نہیں کرسکتے ۔ یہاں گاندھی میدان پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایوب نے یہ بھی کہا کہ مودی کو مسلمان اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں کو خبردار کیا کہ وہ سماجوادی پارٹی سے بھی ہوشیار رہیں کیونکہ اس پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو ایک چالاک لیڈر ہے وہ مسلمانوں کے نام پر انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ مسلمانوں کا قتل عام ہورہا تھا اور ان کی حکومت میٹھی نیند سو رہی تھی ۔ اس ملک کے مسلمان ملائم سنگھ کو ہر گز معاف نہیں کریں گے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسلمانوں کو 25 فیصد تحفظات دیئے جانے چاہئے لیکن مرکزی حکومت اس کیلئے تیار نہیں ہے ۔