عادل آباد ۔ 22 ۔ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر تلنگانہ و آندھرا جمعیۃ العلومعلماء ہند مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی ( ارشد مدنی) گروپ نے کہا کہ آج ملک کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے ۔ چونکہ ملک کے چند فرقہ پرست جماعتیں ملک کے فرقہ وارانہ فضا کو مکدر کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔ جو ملک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں، ایسے موقع پر ملک کی نام نہاد جماعتیں جو سیکولر ازم کا ڈھنڈورا پیٹتی رہی وہ لب کشائی کرنے سے قاصر ہیں ۔ جبکہ ہمارا ملک قومی یکجہتی ، سالمیت ، بھائی چارگی ، اخوت ، امن و امان کی ایک بے پناہ زندہ مثال رکھتا ہے ، اس ملک میں کئی مذہب کے ماننے والے رہتے اور بستے ہیں وہ امن و امان کے علمبردار اور گنگا جمنی تہذیب کی بھی مثال ہے ۔ مولانا یہاں مدینہ مسجد کے روبرو جمعیۃ العلماء ہند شاخ عادل آباد کے زیراہتمام منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس کے اجلاس سے خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ مولانا نے تبدیلی مذہب پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں ناگفتہ بہ حالات پیدا ہوسکتے ہیں ۔ جس سے ملک کے امن و امان کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ اس اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے پنڈت اوماشنکر پانڈے نے بھی یکجہتی کے فروغ کی پرزور وکالت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عرصہ دراز سے تمام طبقہ جات شیر و شکر کی طرح باہمی اتحاد و سنگ میل کے ذریعہ اپنی زندگی گذار رہے ہیں ۔ تاہم چند مٹھی بھرفرقہ پرست جماعتیں ملک کے دامن کو ناپاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی ہم سب کو مذمت کرنی چاہئے ۔ دریں اثناء خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی میں دیگر ابنائے وطن کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی قربانیوں کا بھی اہم حصہ و رول رہا ہے جن کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ فادر رینجوس نے بھی قومی یکجہتی سے انوٹ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو برقرار کھنے کی ہر ایک فرد سے بلالحاظ مذہب و ملت اپیل کی جبکہ اس اجلاس کو مولانا جاوید قاسمی ، مفتی کلیم الدین کے علاوہ مقامی سیاسی قائدین سراج قادری ، ساجد خان ، شفیع اللہ خان ، عتیق الرحمان امیر جماعت اسلامی عادل آباد نے بھی مخاطب کیا ۔ جبکہ اجلاس کا آغاز حافظ اطہر شاہ کی قرات کلام سے ہوا جنہوںنے نعت شریف بھی پیش کی ۔ حافظ افروز خاں مصباحی صدر ٹاون و ضلع سکریٹری جمعیۃ العلماء ہند شاخ عادل آباد نے افتتاحی کلمات ادا کئے ۔ ضلع صدر مفتی کلیم الدین قاسمی ، ضلع جنرل سکریٹری مفتی فیصل قاسمی نے کارروائی چلائی ۔ اس اجلاس کے کامیاب انعقاد کیلئے حافظ اسلم ، حافظ وسیم ، مولانا کریم ، حافظ سعید ، مولوی عبدالعظیم ، مولوی تمیز ، حافظ صابر ، حافظ کاظم ، حافظ عزیز ، مولانا منیر سے اعانت کی ۔ مولانا اکبر الدین حسامی و دیگر نوجوانان عادل موجود تھے ۔