ملک میں عدم رواداری کی لہر کیلئے مودی حکومت ذمہ دار ‘ کانگریس کا الزام

نئی دہلی 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ سے سیاست داں بننے والی رمیا کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج اور گئو رکھشکوں کی کارستانیوں سے فکر مند کانگریس نے آج کہا کہ ملک میں عدم رواداری کی لہر کیلئے مودی حکومت ذمہ دار ہے ۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریند ر مودی نے دو سال میں ہندوستان کی شبیہہ کو عدم روادار بنادیا ہے ۔ یہ عدم رواداری کی لہر ہندوستان کی شبیہہ کو بدترین انداز میں متاثر کر رہی ہے ۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ 2014 میں مودی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہر ہفتے غداری کے الزامات درج کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان سوچ کی آزادی کا ‘ اظہار خیال کی آزادی کا اور اظہار کا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منگلور میں چرچس پر حملہ کیوں ہو رہا ہے ‘ کولکتہ میں راہبہ کی عصمت ریزی ہو رہی ہے ‘ گائے کے نام پر سارے ملک میں مہم چلائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے ان ریمارکس کے ذریعہ آر ایس ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ واضح رہے کہ رمیا کے خلاف حال ہی میں غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان دوزخ نہیں ہے ۔