اورنگ ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس مستقبل میں دس کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔انہوں نے یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کا حو الہ دیتے ہوئے کہا کہ غذائی قانون، حق صحت قانون اور غریبوں کے تحفظ کیلئے مضبوط قانون بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2004 اور 2009 کی طرح این ڈی اے کے ’’گیاس غبارہ‘‘ ایک بار پھر پھٹ پڑے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یو پی اے حکومت کی کارکردگی قابل ستائش ہے کیونکہ اس نے اپنے تمام وعدوں کو بروئے کار لایا ہے۔ بی جے پی کو انتشار پسند سیاست کی حامی پارٹی قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی نے بہار کے حلقہ اورنگ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2004 کے ساتھ ساتھ کے علاوہ 2009 ء میں این ڈی اے نے درخشاں ہندوستان کا جو نعرہ لگایا تھا وہ غبارہ دوبارہ پھٹ پڑے گا ۔ اس مرتبہ بھی یہ لوگ ایک گیاس سلنڈر کے ساتھ ایسا غبارہ بھر رہے ہیں۔
ماضی کی طرح یہ غبارہ بھی پھٹ جائے گا ۔ ماضی کی طرح این ڈی اے رنگا رنگ موسیقی ریز رقص کرتے ہوئے اپنی کامیابی کے گیت گا رہی ہے۔ اپنے حلقوں میں جشن مناتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی جارہی ہے لیکن انہیں 2004 اور 2009 کی طرح شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت کی کارکردگی شاندار ہے ، اس نے بلند وعدے کرتے ہوئے عوام کو ہرگز گمراہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کانگریس امیدواروں کو ووٹ دینے کی ا پیل کی ۔ کانگریس کو غریب اور عام آدمی کی فکر ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ ملک کے اتحاد اور ترقی کیلئے کام کیا ہے ۔ رشوت ستانی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ہنگامہ کرنے والی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو پارٹی رشوت کے خلاف شور مچا رہی ہے، سابق چیف منسٹر کرناٹک یدی یورپا کے بارے میں خاموش ہے، اس لیڈر کو پارٹی نے دوبارہ شامل کرلیا ہے۔ بی جے پی نے راج ٹھاکرے کی ایم این ایس جیسی پارٹی سے ہاتھ ملا لیا ہے جس نے ممبئی اور مہاراشٹرا میں بہار اور مشرقی اترپردیش سے تعلق رکھنے والے عوام کو نشانہ بنایا تھا۔