ریاض ۔ 6 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے 50 سے زائد علماء نے آج اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ملک شام میں ’’مغربی۔ روسی اتحاد‘‘ کے خلاف باغیوں کی پشت پناہی کریں اور انہیں اسلحہ سے لیس کیا جائے۔ روس کے جنگی طیاروں کے شام پر فضائی حملوں کے تقریباً ایک ہفتہ بعد یہ بیان جاری کیا گیا ہے ۔ تقریباً 55 سعودی علماء کی دستخط کے ساتھ جاری کردہ اس بیان میں کہا گیا کہ مجاہدین اس وقت ساری امت کا دفاع کر رہے ہیں، ان پر بھروسہ کریں اور انہیں اخلاقی، مالی ، فوجی اور سیاسی تائید فراہم کریں۔ روسی جنگی طیاروں نے گزشتہ چہارشنبہ سے شام میں فضائی حملے شروع کئے ہیں۔ ماسکو کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ صرف اسلامک اسٹیٹ دہشت گردوں پر حملے کر رہا ہے لیکن امریکہ نے کہا ہے کہ روس کے جیٹ طیاروں نے ان باغی گروپس کو بھی نشانہ بنایا جو اس وقت بشارالاسد کے خلاف برسر پیکار ہیں۔