بھینسہ /31 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ میں آل انڈیا اینٹی کرپشن کمیٹی کے قومی ترجمان اور بھینسہ یونٹ کی جانب سے ڈیسنٹ فنکشن ہال میں عید ملاپ تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے قومی صدر کرپشن ک میٹی رابندر دیویدی جوائنٹ سکریٹری کرپشن کمیٹی اویس فاروقی صدر بار اسوسی ایشن بھینسہ سی شنکر ایڈوکیٹ ڈاکٹر دامودھر ریڈی ، ڈی ایس پی بھینسہ آر گریدھر ، آل انڈیا مہیلا کمیٹی صدر فاطمہ جبین ایڈوکیٹ بھینسہ اور صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا بھینسہ منڈل سید آصف نے شرکت کی ۔ اس موقع پر قومی صدر رابندر دیویدی نے عوام سے مخآطب ہوکر کہا کہ عید کا موقع بہت ہی خوشی کا ہوتا ہے ۔ مسلمان رمضان بھر کے تمام روزے رکھ کر اللہ کی عبادتیں کرکے عید مناتا ہے اور عید کے موقع پر ہندو مسلم اتحاد کا ثبوت دیکر انسانیت کا پیغام دیا جاتا ہے ۔ اس کمیٹی کا اصل مقصد ملک کی سب سے بڑی بیماری کرپشن کا خاتمہ ہے ۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب ملک کے ہر قوم کے بچوں کے اندر تعلیم آجائے ۔ بچوں کو تعلیم دلوانا والدین کی ذمہ داری ہے ۔ کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی نہ ہی سلیقہ سے زندگی گذار سکتی ہے ۔ تعلیم کے کرپشن کمیٹی نے کہا کہ اس کمیٹی میں ملک کے بڑے بڑے تعلیم یافتہ لوگ ایڈوکیٹس ، ڈاکٹرس ، ججس ، ٹیچرس آئی پی ایس آفیسرس جڑ کر کام کر رہے ہیں اور انہو ںنے ملک کی پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی پولیس اپنے تمام خوشیوں ، غموں اور خواہشات کو قربان کرتے ہوئے عوام کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار رہتی ہے اور ہم اپنے تہواروں کو پولیس کے بندوبست کی وجہ سے خوشی سے مناتے ہیں اور انہوں نے آل انڈیا اینٹی کرپشن کمیٹی کے ترجمان سعید احمد ایڈوکیٹ بھینسہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کا قیام 1998 میں عمل آیا ۔ تب سے سعید احمد اس کمیٹی کا ایک اہم حصہ بن کر ملک کے مختلف حصوں کی تیالیوں میں شرکت کی ۔ ہر وقت میرے ساتھ ( قومی صدر ) انہوں نے اپنا وقت دیتے ہوئے کرپشن کے خاتمے کے خلاف جدوجہد کی اور سعید احمد ایڈوکیٹ کی وجہ سے ہی 2002 میں بھینسہ گڈنا واگو پراجکٹ کیلئے اس وقت کے ایم ایل اے جی گڈنا کو بارہا نمائندگی کرنے اور آندھراپردیش وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کو تحریری یادداشت پیش کرنے کی وجہ سے اس پراجکٹ کا قیام عمل میں آیا اور قومی صدر سعید احمد ایڈوکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی منعقد عید ملاپ تقریب میں بھینسہ کے ہندو مسلم اتحاد کو دیکھ کر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں ۔ بھینسہ ڈی ایس پی آر گریدھر نے عوام کو مخاطب ہوکر کہا کہ بھینسہ ایک ایک حساس مقام کی شناخت بنا ہوا ہے ۔ اگر اس شہر کو بدلنا ہو تب شہر کے ہر بچے کو کم از کم گریجویٹ ہونا ضروری ہے تاکہ اسی سونچ کو بدلا جاسکے اور شہر کو امن کا گہوارہ بناسکے ۔ ہر سماج میں سب سے پہلے پڑھنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ آل انڈیا مہیلا کمیٹی صدر فاطمہ جبین نے اپنی تقریر میں شہر کے تمام سیاسی سماجی قائدین اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور خاص کر انہوں نے ویلفیر پارٹی آف انڈیا بھینسہ یونٹ کے صدر و اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں شرکت فرماکر تمام لوگوں نے اس کو کامیاب بنایا اور محمد افضل خان ٹیچر گورنمنٹ ہائی اسکول بھینسہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم لوگ تعلیم کو پیسہ کمانے کا ذریعہ بناچکے ہیں ۔ ہم لوگ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر ، انجینئیر بن رہے ہیں ۔ لیکن انسانیت کو بھول جارہے ہیں ۔ تعلیم کا اصل مقصد اپنے اندر انسانیت ادب و اخلاق اور سلیقہ سے زندگی گذارنے کیلئے تعلیم حاصل کی جانی چاہئے تاکہ پیسہ کمانے کیلئے تعلیم کے ذریعہ ہی سماج کی ہر برائی کو روکا جاسکتا ہے اور آخر میں اینٹی کرپشن کمیٹی کے قومی ترجمان سعید احمد ایڈوکیٹ بھینسہ نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی کلمات کہے ۔ اس تقریب میں شہر کے ایڈوکیٹس ، ڈاکٹرس ، ٹیچرس ، صنعتکار ، جماعت اسلامی ہند بھینسہ کے ذمہ داران کے علاوہ صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا مدہول منڈل محمد تجمل احمد اور بھینسہ ویلفیر پارٹی کے اراکین کے علاوہ شہر کی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ آل انڈیا اینٹی کرپشن کمیٹی بھینسہ یونٹ کے ممبران محمد لطیف الدین ، اقبال احمد پاشاہ ، ڈاکٹر محمد خورشید اور نظیر احمد نے ان تمام کا استقبال کیا اور مہمانوں کی گلپوشی و شالپوشی کی ۔