دبئی۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ایشیا کپ 2018 میں آخری مقابلہ باقی ہے لیکن اس قبل ہندوستان اور پاکستان کے دو سینئربیٹسمین ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے ہیں اور یہ روہت شرما اور شعیب ملک ہیں۔ دونوں ہی ایشیا کپ میں 1000 رن پورے کرنے سے چند قدم ہی دور ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان میں سے کون پہلے اس اعداد و شمار تک پہنچ پائے گا۔ یادرہے کہ ایشیا کپ میں سب سے زیادہ بن بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے سنت جے سوریہ کے نام ہے۔ جے سوریہ نے 1220 رن بنائے ہیں جبکہ ان کے بعد کمار سنگاکارا ہیں جنہوں نے ایشیا کپ میں 1075 رن بنائے ہیں۔ ایشیا کپ میں نہ تو کسی پاکستانی نے ایک ہزار بن بنائے ہیں اور نہ ہی کسی ہندوستانی نے اب تک یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سچن تندولکر کے نام 971 رنز درج ہیں ، لہذا روہت یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ہندوستانی بیٹسمین بن سکتے ہیں۔ تاہم اس ٹورنمنٹ میں ان کے لئے موقع اب کافی کم نظر آرہا ہے۔شعیب ملک نے ایشیا کپ میں اب تک 20 میچوں میں 877 رن بنائے ہیں اور ان کو ایک ہزار تک پہنچنے کیلئے 123 رنوںکی ضرورت ہے۔ وہیں روہت شرما نے اب تک 835 رن بنالئے ہیں۔ ان میں سے موجودہ سیزن میں ہی اب تک وہ 269 رن بنا چکے ہیں اور ابھی اچھی فارم میں بھی نظر آرہے ہیں۔تاہم اس اعداد و شمار تک پہنچنے کا شعیب ملک کے پاس اچھا موقع ہے کیونکہ ان کو دو میچ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ اگر وہ اس میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ٹیم فائنل میں کھیلتی ہے تو انہیں دوسرا موقع ہندوستان کے خلاف بھی ملے گا۔ ان کیلئے دو میچوں میں 123 رن بنانا زیادہ مشکل نہیں ہوگا اور ایسے وقت میں جب وہ فارم میں ہیں اور اچھی بیٹنگ بھی کررہے ہیں۔وہیں روہت شرما کیلئے اس سیزن میں یہاں تک پہنچنا اب مشکل ہوگیا ہے ، کیونکہ وہ گزشتہ روز افغانستان کے خلاف نہیں کھیلے۔ تاہم جس فارم میں وہ نظر آرہے ہیں تو ان سے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ فائنل میچ میں بڑا اسکور کریں اور یہاں تک پہنچ جائیں۔یاد رہے رواں ٹورنمنٹ میں ہندوستانی کپتان روہت شرما اور پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک شاندار فارم میں ہیں۔ شعیب ملک ایک سے زائد مرتبہ نصف سنچری اسکور کرچکے ہیں تاہم وہ ہنوز سنچری سے دور ہیں ۔