ملک ارجن کھرگے لوک سبھا میں کانگریس لیڈر منتخب

نئی دہلی ۔ 2 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج حیرت انگیز فیصلہ کرتے ہوئے ملک ارجن کھرگے سابق وزیر ریلوے کو لوک سبھا میں پارٹی لیڈر مقرر کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا کہ انتخابات میں توہین آمیز شکست کے بعد راہول گاندھی یہ ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 72 سالہ دلت لیڈر ملک ارجن کھرگے دوسری میعاد کیلئے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں ۔ پارٹی نے سینئر ترین رکن لوک سبھا کمل ناتھ کو نظرانداز کردیا جو حالیہ انتخابات میں چندواڑہ حلقہ سے 9 ویں میعاد کیلئے منتخب ہوئے ۔ کانگریس پارٹی نے عام روایات سے انحراف کرتے ہوئے ملک ارجن کھرگے کے اس عہدہ پر انتخاب کا فیصلہ کیا ۔ صدر پارٹی سونیا گاندھی نے اس اپیل کو نظرانداز کردیا کہ انھیں (سونیا) یا راہول گاندھی کو لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ہونا چاہئے ۔

حالیہ انتخابات میں کانگریس پارٹی صرف 44 رکنی گروپ میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ ملک ارجن کھرگے کے لئے قائد اپوزیشن منتخب ہونے کا بہترین موقع موجود ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ لوک سبھا اسپیکر جن کا ابھی انتخاب نہیں ہوا ، کانگریس کو بحیثیت اپوزیشن جماعت تسلیم کرے کیونکہ 543 رکنی ایوان میں کانگریس ارکان کی تعداد درکار 10فیصد سے بھی کم ہے ۔ گزشتہ چند دنوں سے کمل ناتھ کے علاوہ ایم ویرپا موئیلی کا نام بھی اس عہدے کیلئے لیا جارہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کی ناکام مہم کی قیادت کے بعد نئی ذمہ داری سنبھالنے سے گریز کیا ہے تاکہ پارٹی کو ازسرنو مستحکم بنانے پر توجہ دی جاسکے ۔ ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ اُن کی پارٹی برائے نام اپوزیشن کا رول ادا نہیں کرے گی بلکہ مسائل کی بنیاد پر پیشرفت کی جائے گی ۔ وہ اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے حکومت کی غلطیوں کو اُجاگر کریں گے ۔