حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے آغاز کے ساتھ ہی کرکٹ پر سٹہ کا کاروبار زور پکڑ گیا ہے۔ اس سلسلہ میں رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کرکٹ میاچ پر سٹہ لگانے والی ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ ملکا جگیری زون کی اسپیشل آپریشن ٹیم کے انسپکٹر آف پولیس مسٹر نوین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کوگرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 82 ہزار روپئے نقد رقم،5 موبائیل فون ضبط کرلئے ۔ ایس او ٹی کے مطابق 33سالہ ڈی ملکارجن جو اس ریاکٹ کا اصل سرغنہ و آرگنائزر بتایا جاتا ہے کے ہمراہ 34 سالہ پردیپ، 25 سالہ سریش اور 25 سالہ راجیش جو اس آرگنائزر کے معاونین ہیں انہیں گرفتار کرلیا۔ ایس او ٹی نے مزید تحقیقات کیلئے گرفتار افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ کشائی گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا۔