ملکاجگیری سنسنی خیز قتل معاملہ میں ایک شخص گرفتار

مقتول کی شناخت ، بیرونی کرنسی ضبط، ملزم عادی سارق ، ڈی سی پی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /6 نومبر ( سیاست نیوز ) ملکاجگیری پولیس نے سنسنی خیز قتل کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے واڑہ علاقہ کے متوطن 25 سالہ سمیر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جس نے 30 اکٹوبر کو ایک شخص کو قتل کرکے اس کی نعش سنسان علاقہ میں پھینک دی تھی جواہر نگر پولیس نے تحقیقات کے بعد اس مسئلہ کو حل کرلیا اور مقتول کی شناخت سانگھی ریڈی پون کمار کی حیثیت سے کرلی گئی جو ویسٹ گوداوری سے تعلق رکھتا تھا اور شہر میں مقدمہ کے سلسلہ میں عدالت میں پیشی سے رجوع ہونے آیا تھا ۔ اس دوران ایک شراب خانے پر ریڈی اور سمیر میں بات چیت ہوئی اور دونوں نے اپنی ریاست سے تعلقات پر مسرت ظاہر کرتے ہوئے مئے نوشی کی ۔ اس دوران سمیر کو ریڈی نے بتایا کہ اس کے یہاں بیرون ممالک کی کرنسی ہے اور اسے تبدیل کرنا ہے ۔ یہ بات ڈی سی پی ملکاجگیری زون مسٹر سی ایچ مہیشورا شرما نے پریس کانفرنسمیں بتائی انہوں نے بتایا کہ سمیر نے اس بات کا فائدہ اٹھاکر اپنے ذہن میں ایک سازش تیار کیا اور مقتول کو اپنے ساتھ جواہر نگر علاقہ سے لے گیا ۔ اس نے اپنی سالی کے مکان سے ایک آہنی کا سلاخ حاصل کیا اور سانگھی ریڈی کو ہلاک کرنے کے بعد اسے جواہر نگر کے سنسان علاقہ میں ایک پتھر کی اسٹون کٹر کمپنی کے پاور روم کے قریب پھینک کر فرار ہوگیا ۔ پولیس کو اس نعش کی شناخت کے ساتھ ساتھ قتل کی وجوہات اور قاتل کا پتہ چلانے میں بھی دشواریاں پیش آرہی تھیں ۔ اس دوران پولیس نے مقتول کے قبضہ سے ایک میڈیکل دوکان سے خریدی گئی دواء کی چھٹی حاصل کی اور اس کی بنیاد پر موبائیل کی دوکان تک پہونچ گئی جہاں سمیر اور اس کی سالی ہاجرہ نے ایک موبائل فون فروخت کیا تھا اور اس وقت کیا تھا اور اس وقت اپنی شناخت کیلئے آدھار کارڈ پیش کیا جو غلط تھا ۔ اس بنیاد پر پولیس نے شبہ ظاہر کرتے سمیر کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کیا اور سمیر نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے کویتی دینار اور سویڈین کے پاونڈ ضبط کرلئے ۔ پولیس کے مطابق سمیر سابق میں بھی جیل کی سزا کاٹ چکا ہے اور عادی مجرم ہے جو شرابیوں اور مسافرین کے قبضہ سے سیل فونوں کا سرقہ کرتا تھا ۔