ریاکٹ بے نقاب۔ دو افراد گرفتار۔ 200 کروڑ روپئے ضبط
حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے ملٹی لیول مارکٹنگ کے آڑ میں چلائے جارہے بڑے معاشی دھوکہ دہی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 200کروڑ روپئے ضبط کرلئے۔ ریاست ہریانہ سے چلائے جارہے اس ریاکٹ میں سادہ عوام کو دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ FMLS گلوبل مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے سی ایم ڈی 34 سالہ رادھے شام اور اس کے ذمہ دار 35 سالہ سدھیر سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مختلف بینکوں میں موجود ان کی رقم تقریباً 200کروڑ روپئے ضبط کرلئے گئے ہیں جبکہ یہ دھوکہ دہی کا معاملہ 12 سو کروڑ کا بتایا گیا ہے۔ ملٹی لیول مارکیٹنگ کے نام پر اسکیم سے شہریوں کو جوڑنے اور چین سسٹم کے ذریعہ اسکیم میں شریک کروانے پر راست فائدہ فراہم کرنے کی پیشکش کی جارہی تھی۔1700 روپئے ممبر شپ کی فیس اور اس طرح اس چین میں دیگر افراد کو شامل کرنے پر ڈھائی ہزار روپئے کی سوغات کی پیشکش تھی۔ اور اسکیم میں 10 سطح کے لیول تیار کرتے ہوئے عوا م کودھوکہ دیا جارہا تھا ۔7500جمع کرنے پر 2 سال کے عرصہ میں 60 ہزار واپس حاصل ہونے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ اخبارات میں اشتہارات کے ذریعہ ریٹائرڈ ملازمین ، بے روزگار نوجوانوں بالخصوص خواتین ان کی دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔