ملٹی لیول مارکٹنگ کا دھوکہ : ایم ڈی اور دیگر ملازمین گرفتار

حیدرآباد ۔ /29 جنوری (سیاست نیوز) اوپل پولیس نے ملٹی لیول مارکٹنگ کمپنی گرین گولڈ بائیوٹیک کے منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر ملازمین کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے بتایا کہ 47 سالہ جناکانتیا ساکن پیرزادی گوڑہ اوپل عادی دھوکہ باز ہے اور اس نے گرین گولڈ بائیو ٹیک کے نام پر ملٹی لیول مارکٹنگ کا ادارہ قائم کیا جس کے ذریعہ اس نے عوام کو یہ یقین دلایا تھا کہ اس کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے پر انہیں بھاری منافع دیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ مونگ پھلی کے تیل نکالنے والی مشین اور اس سے جڑے ہوئے کاروبار میں سرمایہ کاری کی رقم حاصل کی اور 24 مہینے کی مدت میں معقول منافع کا وعدہ کیا تھا ۔ کانتیا نے عوام سے کروڑہا روپئے کی رقم سرمایہ کاری کے نام پر حاصل کی اور انہیں منافع دینے سے قاصر رہا ۔ جس کے نتیجہ میں بعض افراد نے گرین گولڈ بائیوٹیک کے نام پر شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ادارے کے منیجنگ ڈائرکٹر کانتیا ، منیجر ایس بھاسکر یادو اور ایک ملازم لنکا پریا کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے 21 لاکھ نقد رقم ، 20 لاکھ مالیتی قیمتی کار اور 90 لاکھ کے بینک اکاؤنٹ میں منجمد کردیئے ۔ اس کیس میں ادارے کے دیگر ملازمین اہلیاریڈی ، انیل ریڈی ، انجیا گوڑ، سنتوش اور دیگر ایجنٹس مفرور ہے ۔ انہیں عنقریب گرفتار کیا جائیگا ۔