ملنگا کی ایک سال بعد ٹیم میں واپسی

کولمبو۔3 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے ایشیا کپ کے لئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں تجربہ کار بولر لسیتھ ملنگا کی واپسی ہوئی ہے۔ ملنگا نے آخری مرتبہ سری لنکا کی نمائندگی گزشتہ سال ستمبر میں ہندوستان کے خلاف کولمبو کے میدان میں کی تھی جس کے بعد وہ زخمی ہوئے تھے۔ملنگا نے ہندوستان کے خلاف اس میچ میں 35 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی اور سری لنکا یہ میچ 6 وکٹوں سے ہار گیا تھا۔سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عہدیدروں نے کہا کہ 35 سالہ ملنگا نے ڈومیسٹک ٹی20 سیریز میں سلیکٹرزکو اپنی کارکردگی سے متاثر کیا جس کے بعد انھیں ایشیا کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ملنگا نے سری لنکا کی جانب سے جولائی 2004 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا اب تک 301 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ٹی20 طرز میں 90 وکٹیں حاصل کیں۔ایشیا کپ کے لیے سری لنکا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔اینجلو میتھیوز (کپتان)، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، اپل تھارنگا، دنیش چندیمل، دھنشکا گوناتھلیکا، تھسارا پریرا، داسن شناکا، دھننجایا ڈی سلوا، اکیلا دھننجایا، دلرووان پریرا، آمیلا آپونسو، کوسن راجیتھا، سرنگا لکمل، دشمانتھا چمیرا،لستھ ملنگا۔